تازہ ترین

طالبان بھی بدل سکتے ہیں لیکن پاکستان نہیں

سرینگر//آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے جمعہ کے روز کہاکہ ہم طالبان کی تاریخ جانتے ہیں،تاہم طالبان بھی بدل سکتے ہیں لیکن پاکستان نہیں۔انہوںنے کشمیرمیں ٹارگٹ کلنگ کوخوف پھیلانے کی ایک کوشش قرار دیتے ہوئے خبردارکیاکہ سرحدوں پر فوجی تیاری کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔جے کے این ایس کے مطابق ناگپورمیں ریشم باغ گراؤنڈ میں سالانہ وجیادشمی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے موہن بھاگوت نے کہا کہ سرحدوں پر فوجی تیاری کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بٹ کوائنBitcoin اور او ٹی ٹیOTT پلیٹ فارم پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے کہا کہ وہ ان چیزوں کو منظم کرنے کیلئے کوششیں کرے۔آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ جنگجو خوف پھیلانے کیلئے جموں و کشمیر میں ٹارگٹ تشدد کا سہارا لے رہے ہیں۔وجے دشمی کے موقع پر موہن بھاگوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سال ہماری آزادی کا 75واں سال ہے۔ ہم 15 اگست 1947 کو آزاد ہوئے۔

امیت شاہ24 اکتوبر کوجموں میں عوامی جلسے سے خطاب کرینگے

جموں //مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 24 اکتوبر کو جموں میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ، جو کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سرمائی دارالحکومت میں پہلی بار ہوگا۔بھاجپا کے جموں کشمیر صدر رویندر رینہ نے یہ اعلان  پارٹی میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ 24 اکتوبر کو جموں میں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی اور سابقہ ریاست جموں و کشمیر کے بقیہ ہندوستان کے ساتھ دیرینہ انضمام کے بعد یہاں پہلی عوامی ریلی سے خطاب کرنے جارہے ہیں۔رینہ نے اس موقع پر ٹیمیں بھی تشکیل دیں اور عوامی ریلی کے کامیاب انعقاد کے لیے پارٹی کے سینئر لیڈروں کو مختلف ذمہ داریاں تفویض کیں۔انہوں نے کہا کہ ریلی اس طرح پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کی جانی چاہیے کہ لوگوں کے ساتھ ساتھ آس پاس رہنے والے اور مسافروں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔

ملک میں 16ہزار 862مثبت،379ہلاکتیں

نئی دہلی// ملک میں کورونا کے یومیہ کیسز میں کمی اور اس وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے درمیان فعال کیسز کی شرح 0.60فیصد ہو گئی ہے۔ جمعرات کو ملک میں 30 لاکھ 26 ہزار 483 افراد کو کورونا کے خلاف ویکسین دی گئی اور اب تک 97 کروڑ 14 لاکھ 38 ہزار 553 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 16 ہزار،862 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ، جن کی وجہ سے متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 40 لاکھ 37 ہزار 592 ہو گئی ہے ۔ دریں اثنا ، 19 ہزار،391 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد ، کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد 3 کروڑ 33 لاکھ 82 ہزار 100 تک بڑھ گئی ہے ۔ فعال کیسز 2،908 سے کم ہو کر دو لاکھ تین ہزار 678 پر آ گئے ہیں۔ وہیں 379 مریضوں کی موت کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 4،51،814 ہوگئی ہے ۔