راجوری میں ایل او سی پر پاکستانی فائرنگ سے فوجی اہلکار ہلاک

جموں// جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گذشتہ شام ہونے والی گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوگیا جس کی شناخت نائیک انیش تھامس کے بطور ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کی شام ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی میجر اور ایک فوجی جوان زخمی ہوئے تھے جنہیں اکھنور میں قائم ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دویندر آنند نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندر بنی سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کی شام پاکستانی فوج نے بلا اشتعال گولہ باری کی جس کے نتیجے میں شدید طور پر زخمی ہونے والا نائیک انیش تھامس زخموں کی تاب نہ لا کر موت کی آغوش میں چلا گیا۔  

راجوری ضلع میں ریچھ کے حملے میں چار افراد زخمی

سرینگر//ضلع راجوری کے درہال علاقے میں بدھ کو ریچھ کے حملے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔یہ واقعہ ضلع کے چوکیان گاوں میں پیش آیا۔ زخمی افراد کی شناخت محمد شبیر ولد محمد امین ،محمد شیرین ولد قیصر محمد، نیاز اللہ ولد محمد نصیب ساکنان چوکیان اور محمد اقبال ولد لال دین ساکن سمبلی درہال کے طور ہوئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کھیتوں میں کام کررہے تھے جب ایک ریچھ نمودار ہوکر ان پر حملہ آور ہوا۔ بعد ازاں ریچھ نزدیکی جنگل کی طرف بھاگ گیا ۔  زخمیوں کو درہال کے اسپتال میںپہنچایا گیا ہے۔  

راجوری حد متارکہ پر گولہ باری

راجوری//ضلع راجوری کے علاقے سندر بنی مالہ میں پاکستانی فوج کی جانب سے شدید گولہ باری سے ایک افسر سمیت تین فوجی اہلکارزخمی ہوگئے۔عہدیداروں نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے سندر بانی سیکٹر کے مالہ ، مہادیو اور مینکا کے علاقوں میں حد متارکہ پر فائرنگ اور گولہ باری کی جس دوران بھارتی فوج کی متعدد اگلی چوکیوں کونشانہ بنایاگیا۔انہوں نے بتایاکہ اس کا بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا۔عہدیداروں نے بتایا’’فائرنگ سے ایک میجر ، ایک صوبیدار اور فوج کا ایک رائفل مین زخمی ہوگیا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ زخمی فوجیوں کو فوج کے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا۔  

تازہ ترین