ایڈوکیٹ تاشی لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیف ایگزیکٹو کونسلر منتخب

لیہہ// بی جے پی لیڈر ایڈوکیٹ تاشی گیال ٹسن کو ہفتہ کے روز متفقہ رائے سے چھٹے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کا چیف ایگزیکٹو کونسلر و چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ آج صبح یہاں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے نئی لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ تشکیل دی اور موصوف چیف ایگزیکٹو کونسلر کے علاوہ دیگر کونسلروں نے حلف اٹھایا۔ حلف براداری تقریب میں ضلع مجسٹریٹ لیہہ سچن کمار ویشیا، ایس ایس پی لیہہ راجو پانڈے، منصف جج لیہہ چیمت ستوبگیال موجود تھے۔  

معروف مذہبی لیڈر مولانا مشتاق ویری رہا

سرینگر//معروف مذہبی لیڈر اور جمعیت اہلحدیث جموں کشمیرکے نائب صدر مولانا مشتاق احمدویری کو ہفتہ کے روز رہا کیا گیا۔ نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق رہائی کے بعدمولانا ویری اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔ ویری کو24فروری2019کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کیا گیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ویری کی رہائی ایک اور مذہبی لیڈر سرجان برکاتی کی رہائی کے چند روز بعد ہی عمل میں لائی گئی ہے۔  

اُوڑی میں خاتون کھائی میں گر کر لقمہ اجل

اوڑی//شمالی ضلع بارہمولہ کے اُوڑی میں ہفتہ کو ایک خاتون اپنے گھر کے باہر صفائی کرنے کے دوران پھسل کر کھائی میں جا گری اور لقمہ اجل بن گئی۔ اطلاعات کے مطابق اوڑی کے نامبلہ گاوں میں ایک 60 سالہ خاتون اپنے گھر کے باہر جھاڑو مار رہی تھی جس کے کے دوران وہ اچانک پھسل کر گہری کھائی میں جا گری۔ اگر چہ مذکورہ خاتون کو زخمی حالت میں اوڑی سب ضلع اسپتال پہنچایاگیا لیکن ڈاکٹروں نے ا±سے مردہ قرار دیا۔ مہلوک خاتون کی شناخت عائشہ بیگم زوجہ عبدل رشید صوفی کے طور ہوئی ہے۔  

دنیا میں کورونا وائرس سے 11.94 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک

واشنگٹن / ریو ڈی جنیرو / نئی دہلی// دنیا بھرمیں جان لیوا اور مہلک ترین عالمی وبا کورونا وائرس ’کووڈ19‘کا قہر جاری ہے اور اس جان لیوا وبا سے اب تک 11.94 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک جبکہ 4.59 کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں اب تک کورونا وائرس نے 45,932,219 افراد کو متاثر اور 1,194,089 افراد ہلاک کیا ہے۔ دنیا بھر میں اب تک جان لیوا وبا سے 33,259,067مریض شفایاب بھی ہوئے۔  

شمالی کشمیر کے پٹن میں شکاری کی لاش بر آمد

سرینگر//حکام نے کہا کہ شمالی ضلع بارہمولہ کے پٹن علاقے میں ہفتہ کو ایک شکاری کی لاش بر آمد کی گئی ہے۔ نیوز ایجنسی کے این او نے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھاکہ اعجاز احمد ڈار ولد غلام حسین ساکن چھینابل، پٹن اپنی ہی 12بور بندوق سے چلنے والی گولی کا شکار ہوا ہے۔  پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے نیوز ایجنسی نے لکھا کہ اعجاز کی لاش قانونی لوازمات کیلئے تحویل میں لی گئی ہے جس کے بعد اُسے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ پولیس نے تاہم معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔  

بندوق چھوڑنے والوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی: جموں کشمیر پولیس سربراہ

سری نگر// جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے جنگجویت کا راستہ اختیار کرنے والے مقامی نوجوانوں سے قومی دھارے میں واپس لوٹنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے ” ہمارے جن بچوں نے غلط راستہ اختیار کیا ہے اگر وہ واپس آئیں گے تو انہیں کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوگا“۔ انہوں نے کہا کہ ان بچوں کی ہر طریقے سے مدد کی جائے گی۔ موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتہ کی صبح سری نگر کے مضافاتی علاقہ زیون میں 'راشٹریہ ایکتا دیوس' کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔  

لگاتار چھٹے دن ملک میں کورونا وائرس کے 50 ہزار سے کم کیس ظاہر

نئی دہلی// ملک میں لگاتار چھٹے دن کورونا وائرس کے نئے کیس50ہزار سے کم رپورٹ ہوئے ہیں اور اس جان لیوا وبا سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد زیادہ رہنے سے اموات اور ایکٹیو کیسوں کی شرح میں کمی آرہی ہے۔ ہفتہ کو مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کورونا کو مات دینے والوں کی شرح 91.34 فیصد رہ گئی ہے ، جبکہ اموات کی شرح گھٹ کر 1.49 فیصد اورایکٹیو کیسز کی شرح 7.16 فیصد رہ گئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا وائرس کے48268 نئے کیس رپورٹ ہوئے اور یہ لگاتار چھٹا دن ہے جب کووڈ 19 کے 50 ہزارسے کم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔  

سونہ مرگ کی پہاڑوں پر تازہ مگرہلکی برفباری

کنگن//وسطی ضلع گاندربل میںصحت افزا مقام سونہ مرگ اور اس کے مضافاتی علاقوں کی اونچی پہاڑں پر تازہ برفباری سے ایک بار پھر سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق سنیچر وار کی صبح سونہ مرگ ، گگن گیر، زوجیلا، منی مرگ، گنڈ، کلن، اور اسکے مضافاتی علاقوں کی اونچی پہاڑوں پر تازہ مگر ہلکی برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا۔  اس دوران 434کلو میٹر طویل سرینگر۔ لداخ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بلا خلل جارہی رہی ۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ4 نومبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔  

ترکی میں زلزلہ سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 20 ، زخمیوں کی تعداد 786

انقرہ// ترکی کے شہر ازمیر میں جمعہ کے روز آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 20 اور زخمیوں کی تعداد 786 ہوگئی ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے یہ اطلاع استنبول میں ٹیلی ویڑن خطاب میں دی۔  اردگان نے کہا کہ زلزلہ کے سبب تباہ شدہ 17 عمارتوں کے ملبہ سے لوگوں کو نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ترکی کے مغربی علاقے میں واقع ازمیر شہر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس ہوئے اور اس سے متعدد عمارتوں اور دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ترکی کی ہنگامی ایجنسی نے بتایا کہ زلزلہ کے جھٹکے ازمیر شہر میں محسوس کیے گئے اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.6 بتائی جارہی ہے۔ امریکی محکمہ ارضیاتی سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.0 ریکارڈ کی گئی۔ ترکی اور یونان اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ زلزلے کا مرکز بحر ایجیئر میں بتایا جارہا ہے۔ ماہرین کا

تازہ ترین