تازہ ترین

جموں کشمیر میں کورونا کے144نئے کیس،متاثرین کی کل تعداد322286

سرینگر//حکام نے جمعہ کو بتایا کہ جموں کشمیر میں گذشتہ24گھنٹوں کے دوران144نئے کورونا وائرس کے کیس سامنے آئے۔ ان میں 94کیسوں کا تعلق وادی کشمیر جبکہ50کا تعلق صوبہ جموں سے ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یوٹی میں ابھی تک کورونا متاثرین کی کل تعداد322286 ہوگئی ہے جن میں سے 316496 صحتیاب ہوئے ہیں۔ مہلک وائرس سے ابھی تک جموں کشمیر میں ابھی تک4386افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔  

ہنگامہ و شوروغوغا کے باعث راجیہ سبھا کی کارروائی پیر تک کیلئے ملتوی

نئی دہلی// جمعہ کوایوان بالا یعنی راجیہ سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی پیگاسس جاسوسی کیس اور کسانوں کی تحریک پر شوروغل و ہنگامہ آرائی کی وجہ سے وقفہ صفر اور سوالات نہیں ہو سکے،جس کے بعد پیر کی صبح 11 بجے تک کیلئے ایوان کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔  جیسے ہی ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے صبح 11 بجے وقفہ صفر کا اعلان کیا ، کانگریس اور ترنمول کانگریس کے ارکان ایوان کے وسط میں آئے اور نعرے لگانے لگے۔ ترنمول کے ارکان ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے۔ بائیں بازو کی جماعتیں ، شرومنی اکالی دل ، راشٹریہ جنتا دل اور شیو سینا کے ارکان اپنی نشستوں کے قریب کھڑے تھے۔  

کورونا کیسوں میں نمایاں کمی کے بعد جامع مسجد سرینگر میں نمازجمعہ کی ادائیگی پھر شروع

سرینگر// کورونا وبائی پروٹوکول پر سختی سے پابندی کے 15 ہفتوں بعد سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں آج جمعہ کی نماز دوبارہ شروع ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق عبادت کے دوران نمازیوں کے درمیان سماجی دوری کا مشاہدہ کیا گیا۔ سماجی دوری کے علاوہ ، دیگر پروٹوکول جیسے ماسک کا بھی خیال رکھا گیا۔ یاد رہے کہ اس سے دو روزقبل جامع مسجد کی صفائی ستھرائی عمل میں لائی گئی اور نمازیوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ کورونا پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں۔    

ضلع راجوری میں فورسز آپریشن کے دوران 2جنگجو جاں بحق

سرینگر// ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں جمعہ کو جنگجوﺅں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہواجس کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق تھنہ منڈی کے بھنگائی گاوں میں پولیس اور فوج کی جانب سے مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جس کے دوران طرفین کا آمنا سامنا ہوا اور دونوں نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔ اطلاعات میں حکام کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ طرفین کی گولی باری میں دو جنگجو جاں بحق ہوئے ہیں جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ اس سے قبل آئی جی پی جموں نے تھنہ منڈی میں معرکہ آرائی کی تصدیق کرتے ہوئے ٹویٹ میںکہا کہ اس آپریشن میں پولیس کے ساتھ ساتھ فوج بھی شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فورسز کا جنگجو مخالف آپریشن جاری تھا۔  

ضلع راجوری کے تھنہ منڈی میں فورسز اور جنگجوﺅں کے مابین گولیوں کا تبادلہ

سرینگر// ضلع راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میںجمعہ کو جنگجوﺅں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں پولیس اور فوج کی جانب سے مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تھا جس کے دوران طرفین کا آمنا سامنا ہوا اور دونوں نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔ آئی جی پی جموں نے تھنہ منڈی میں معرکہ آرائی شروع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹویٹ میںکہا کہ اس آپریشن میں پولیس کے ساتھ ساتھ فوج بھی شامل ہے۔

مانسبل کیمپ میں فوجی اہلکار کی خود کشی

گاندربل//پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق گاندربل ضلع کے علاقہ مانسبل علاقے میں قائم ایک فوجی کیمپ کے اندر ایک فوجی اہلکار نے جمعہ کو خود کشی کرلی۔ مانسبل میں قائم 207 ویںبٹالین سے منسلک فوجی اہلکار نے کیمپ کے اندر گلے میں پھندہ لگاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ یہ جاننے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کن وجوہات کی بنا پر فوجی اہلکار نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے خودکشی کر لی۔  

گاندر بل ضلع میں دو گھرانوں کے13افراد جنگلی سبزی کھانے کے بعد علیل، داخل اسپتال

گاندربل//وسطی ضلع گاندربل میں گوٹلی باغ کے بنجر باغ میں گذشتہ شب دو گھرانوں کے 13 افراد، جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں، کوئی جنگلی سبزی کھانے سے بیمار ہوگئے جس کے بعد اُنہیں فوری طور پر علاج و معالجہ کے لئے ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کیا گیا جہاں سے آٹھ افراد کو سکمز صورہ منتقل کیا گیا ۔  کشمیر عظمیٰ کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آہنگر محلہ بنجر بستی گوٹلی باغ گاندربل میں گھرانوں کے تیرہ افراد جن میں عورتیں بچے بھی شامل تھے، گذشتہ شام دیر گئے کوئی جنگلی سبزی کھانے کے بعدبیمار ہوگئے اور ان کی حالت بگڑ گئی۔  واقعہ کے بعد بیمار افراد کو ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کیا گیا جہاں سے تین افراد کو ابتدائی علاج کے بعد رخصت کیا گیا ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ آٹھ افراد کو مزید علاج کے لئے سکمز صورہ منتقل کیا گیا ۔  

امریکہ میں طیارہ حادثہ، چھ افراد ہلاک

واشنگٹن // امریکہ کے الاسکا میں پیش آئے ایک طیارہ حادثے میں چھ افراد کی موت ہوگئی ہے۔ الاسکا پبلک میڈیا نیوز چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ڈی ہیوی لینڈ بیور طیارہ جمعرات کے روز تقریبا 19:20 بجے کوسٹ گارڈ کو ایمرجنسی سگنل بھیجنے کے بعد کیچیکن قصبے کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔  نیوز چینل کے مطابق حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد امدادی ٹیم کے دو تیراک موقع پر پہنچے، لیکن کوئی زندہ نہیں پایا گیا۔ ابھی تک اس حادثے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔