یوم جمہوریہ کی تقریب میں سرکاری ملازموں کی شرکت ضروری: جموں وکشمیر انتظامیہ

جموں// حکومت نے جموں میں منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ کی تقریب میں سرکاری ملازموں کی شرکت کو لازمی قرار دیا ہے اور انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ کسی قسم کی کوتاہی کو ہدایات کی نافرمانی تصور کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ جموں و کشمیر میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں منعقد ہوگی جس میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پریڈ کی سلامی لیں گے۔ حکومت کی طرف سے ایک سرکولر میں تمام محکموں کے سربراہوں اور پبلک سیکٹر محکموں کے چیف ایگزیکیٹوز سے کہا گیا ہے کہ وہ یوم جمہوریہ کی تقریب میں اپنی اور اپنے ماتحت ملازموں کی شرکت کو یقینی بنائیں۔  

جموں میں کراس ایل او سی فائرنگ ، چار فوجی اہلکار زخمی

سرینگر// ضلع جموں کے اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر گذشتہ شب بھارت اور پاکستان کی افواج کے مابین ہوئی گولہ باری کے تبادلے میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوگئے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق اکھنور سیکٹر کے کیری باتل علاقے میں ایل او سی پر گذشتہ شب پاکستانی افواج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کی جس کے جواب میں بھارتی افواج نے بھی گولیاں چلائیں ۔  فائرنگ اور گولہ باری کے اس تبادلے میں چار فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ۔  

کنگن میں بجلی لائین مین کرنٹ لگنے سے جھلس گیا

کنگن//وسطی کشمیر میں ضلع گاندربل کے ونی آرم وانگت کنگن میں بدھ کو ایک بجلی لائین مین کرنٹ لگنے سے جھلس کیا ۔  کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق ضلع کے ونی آرم وانگت میں محکمہ بجلی کا ایک لائین مین، محبوب شیخ ساکن ونی آرم وانگت ڈراپ آوٹ لگا رہا تھا جس کے دوران اُسے اچانک کرنٹ لگ گئی۔ کرنٹ لگتے ہی لائین مین جھلس گیا جس کے بعد اُسے سب ڈسٹرک ہسپتال کنگن لیجایا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔  

وادی کشمیرمیں زمستانی ہواوں کا زور مسلسل جاری

سری نگر// وادی کشمیر میں سردیوں کا بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ اگرچہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے لیکن لوگوں کو ٹھٹھرتی سردیوں سے کوئی راحت نصیب نہیں ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خشک موسم کے بیچ وادی کشمیر میں 23 جنوری کو تازہ برف باری ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ مقامی محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں 22 جنوری کی دو پہر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے جس دوران ٹھنڈ کا راج برابر قائم رہے گا لیکن 22 جنوری کی رات دیر گئے سے 23 جنوری کی شام تک برف باری ہونے کا امکان ہے۔  

کشمیر شاہراہ پر ہوئے حادثے میں لاپتہ ٹرک ڈرائیورکی لاش دو روز بعد بر آمد

سری نگر// سری نگر- جموں شاہراہ پر ضلع رام بن میں بانہال کے نزدیک ہوئے حادثے میں لاپتہ ہونے والے ٹرک ڈارئیور کی لاش بدھ کی صبح دو روز بعد بر آمد کی گئی جبکہ دوسرے لاپتہ شخص کی تلاش جاری ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر بانہال کے شیر بی بی علاقے میں 18 جنوری کو ایک ٹرک لڑھک کر نالے میں گر جانے سے لاپتہ ہونے والے ڈارئیور کی لاش کو بدھ کی صبح نالہ بشلری سے بر آمد کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک کی لاش بد ھ کی صبح بانہال پولیس اور ایک این جی او کی مشترکہ ٹیم نے بر آمد۔  

بائیڈن انتظامیہ کا یمن کے حوثیوں کی ملیشیا پر نظرثانی کا فیصلہ

واشنگٹن//امریکہ میں بائیڈن انتظامیہ نے یمن کی حوثیوں کی ملیشیا کے حوالہ سے نظرثانی تجاویز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اطلاع امریکہ کے نئے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کانگریس کے پینل کو منگل کے روزدی۔  انہوں نے کہا”مجھے یقین ہے کہ ہم فوری طور پر جائزہ لینے کا قرارداد پیش کریں گے کہ جو ہم کر رہے ہیں وہ ان نازک حالات میں بھی انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ تو نہیں بن رہی ہے۔“  

کرناہ میں سات مویشی آگ کی بھیانک واردات میں زندہ جل کر لقمہ اجل

سرینگر//کرناہ میں دوران شب آگ کی ایک المناک واردات کے دوران سات مویشی زندہ جل کر لقمہ اجل بن گئے۔ اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ کرناہ کے جاڈہ گاوں میں پیش آیا جو ایک اُونچی پہاڑی پر واقع ہے۔ ذرائع کے مطابق جاڈہ میں مسمی الف الدین پسوال ولد میر محمد پسوال کے رہائشی مکان میں اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس میںایک گھوڑا سمیت سات مویشی ،بشمول گائیںزندہ جل کر لقمہ اجل بن گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حادثے میں افراد خانہ انتہائی مشکل سے اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہوگئے ۔  آگ لگنے کی وجہ بجلی کاشارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے جو رات کے تقربیاً بارہ بجے نمودار ہوگئی ۔  

جنوبی ضلع اننت ناگ میں جیش جنگجو اورایک اعانت کار گرفتار: پولیس

سرینگر//پولیس نے منگل کو بتایا کہ جنوبی ضلع اننت ناگ میں جیش سے وابستہ ایک جنگجو اور ایک اعانت کار کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک پولیس بیان کے مطابق ایاز احمد بٹ ولد غلام رسول بٹ ساکن شیر پورہ بالا کو فوج اور پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک پستول ایک میگزین اور سات گولیوں سمیت گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ایاز حال ہی میں جنگجو صفوں میں شامل ہوا تھا۔ اس کے علاوہ مذکورہ ضلع میں ہی جنگجوﺅں کے ایک اعانت کار کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔گرفتار اعانت کار کی شناخت رئیس احمد میر ولد عبد الرشید ساکن چندہارہ پانپور کے طور کی گئی ہے اور اسے مہندی کدل اننت ناگ میں مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار اعانت کار کی تحویل سے ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیا ہے۔ دونوں گرفتاریوں کے سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔  

مختلف پبلک سیکٹر محکموں کے ملازمین کا سری نگر میں احتجاج

سری نگر// مختلف پبلک سیکٹر محکموں میں کام کرنے والے درجنوں ملازموں نے منگل کے روز سرینگر کی یس کالونی میں تنخواہوں کی واگذاری کے حق میں احتجاج درج کیا۔ احتجاجی ملازموں جو جموں وکشمیر پبلک ایمپلائز اینڈ ورکرس فیڈریشن کے بینر تلے جمع ہوئے تھے، نے الزام لگایا کہ وہ گذشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ان کا عیال فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ اس موقع پر فیڈریشن کے صدر وجاہت حسین نے میڈیا کو بتایا ” ہم گذشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے ہمارا عیال فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے“۔    

ضلع راجوری کے کئی دیہات میں فورسز کا تلاشی آپریشن

سرینگر//سیکورٹی فورسز نے منگل کو ضلع راجوری میں کئی دیہات کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ حکام کے مطابق یہ گاوں راجوری ٹاون کے قریب ہی واقع ہیں اوران میں ٹھنڈی کاسی،گردان،چاوان اور ٹنڈوال شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تلاشی آپریشن مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد شروع کیا گیا اور اس میں فوج کے علاوہ پولیس ،بی ایس ایف اور سی آر پی ایف اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔  

جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں سڑک حادثہ، تین سی آر پی ایف اہلکار، شہری زخمی

سری نگر//جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے میں منگل کی صبح سینٹر ل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کی ایک گاڑی اور تیل کے ایک ٹینکر کے درمیان ٹکر ہونے سے تین سی آر پی ایف اہلکار اور ٹینکر کا ڈرائیور زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ قاضی گنڈ کے بونہ گام علاقے میں منگل کی صبح سی آر پی ایف کی 46 بٹالین کی ایک کیسپر گاڑی اور ایک تیل ٹینکر کے درمیان ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں سی آر پی ایف کے تین اہلکار اور ٹینکر کا ڈرائیور زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج ومعالجے کے لئے فوری طور نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان سب کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔  

جنوبی ضلع شوپیان میں عدم شناخت لاش بر آمد

سرینگر//جنوبی ضلع شوپیان کے آونیرہ ، زینہ پورہ علاقے میں منگل کو میوہ باغ کے اندر ایک عدم شناخت لاش بر آمد ہوئی۔ نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق مقامی لوگوں نے لاش دیکھتے ہی پولیس کو مطلع کیا جس کے بعد ایک پولیس ٹیم نے جائے واردات پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا۔ لاش کی شناخت اور دیگر تفاصیل کا انتظار ہے 

گجرات میں سڑک کنارے سونے والے15 مزدور بے قابو گاڑی کے نیچے کچل کر ہلاک

سورت// گجرات کے ضلع سورت میں گذشتہ دیر رات ایک بے قابو گاڑی نے سڑک کنارے سونے والے 20 افراد کو کچل دیا جس سے ان میں 15 کی موت ہو گئی۔ پولیس نے منگل کو بتایا کہ یہاں سے تقریباً 50 کلومیٹر دور کِم-مانڈوی روڈ پر کوسنبا کے پلوڈگام کے نزدیک یہ حادثہ ہوا۔ ہلاک ہونے والے بنیادی طور پر راجستھان کے ضلع بانسواڑہ کے ک±شل گڑھ کے باشندے مزدور بتائے گئے ہیں۔ ہلاکتوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ درمیانی رات کے آس پاس ایک تیز رفتار ڈمپر، گنا لدے ایک ٹریکٹر- ٹرالی سے تصادم کے بعد غیر متوازن ہو کر ان مزدوروں کے اوپر چڑھ گئی۔ ان میں سے 12 کی تو موقع پر ہی موت ہو گئی۔ آٹھ زخمیوں میں سے تین نے سورت کے اسمیمیر اسپتال میں دم توڑ دیا۔ پولیس نے گاڑی کو ضبط کرکے اس کے ڈرائیور اور کلینر کو پکڑ لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرائیور نے شراب پی رکھی تھی۔ معاملے کی تفصیلی چھان بین کی جا رہی ہے

ملک میں کورونا وائرس کے محض10ہزار نئے کیس

نئی دہلی// ملک میں کورونا انفیکشن کے نئے معاملات میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور فعال کیسز کم ہوکر دو لاکھ کے قریب رہ گئے ہیں جبکہ اس کی وجہ سے ہونے والی یومیہ اموات کی تعداد دوسرے دن بھی 150 سے نیچے رہی۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے 10064 نئے کیسز سامنے آئے ، جس سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ 81 ہزار ہوگئی ہے۔ اس دوران17411 مریض بازیاب ہوئے جس سے کورونا سے ٹھیک ہونے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ دو لاکھ 28 ہزار 753 ہوگئی اور فعال کیسز کو 7484 کم ہوکر200528رہ گئے ہیں۔  

معروف صحافی غلام نبی شیدا نہ رہے

سرینگر//معروف صحافی اور اُردوروزنامہ ’وادی کی آواز‘ کے بانی و مدیر غلام نبی شیدا گذشتہ رات کے دوران سرینگر میں انتقال کرگئے۔ غلام نبی شیدا ایک سال کے زیادہ عرصہ سے صاحب فراش تھے۔ جنوبی ضلع پلوامہ کے اصل باشندہ غلام نبی شیدا کی وصیت کے مطابق اُنہیں آج صبح گوری پورہ پلوامہ لیجایا گیا جہاں اُنہیں اپنے آبائی قبرستان میں سپرد لحد کیا گیا۔اس سے قبل مرحوم کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ وادی کے صحافتی حلقوں نے غلام نبی شیدا کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں ایک بہترین صحافی اور قلب سلیم رکھنے والا انسان قرار دیا ہے۔ مرحوم کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اُنہوں نے ساری زندگی اپنے اُصولوں کی آبیاری کی اورسخت ترین مصائب کا سامنا کیا۔  

امریکہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 2.40 کروڑ سے متجاوز

واشنگٹن// عالمی وبا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ میں وائرس کے کیسز 2.40 کروڑ سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اینڈ ا نجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے اب تک دو کروڑ 40 لاکھ 73 ہزار 555 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ تین لاکھ 98 ہزار 977 افراد اس وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔  

سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0ڈگری سیلشیس ریکارڈ

سرینگر//وادی کشمیر میں سردی کی شدت بدستور قائم ہے اور گذشتہ رات کے دوران سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.0ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے منگل کو بتایا کہ وادی بھر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے۔ محکمہ کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کی توقع ہے تاہم22جنوری کی شام سے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے جس کا سلسلہ25جنوری شام تک جاری رہے گا۔ اس دوران کہیں کہیں درمیانہ درجے اور کہیں کہیں ہلکی برفباری متوقع ہے۔ وادی کشمیر میں فی الوقت سخت ترین سردی کے ایام چل رہے ہیں جنہیں کشمیری کلینڈر میں’چلہ کلان‘ کہا جاتا ہے۔40روز پر مشتمل ’چلہ کلان‘ 31جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔  

کسانوں کی ٹریکٹر ریلی پر روک لگانے کی عرضی کی سماعت بدھ تک ملتوی

نئی دہلی// مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف ٹریکٹر ریلی پر روک لگانے کی عرضی کی سپریم کورٹ میں سماعت بدھ تک کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔ دلی پولیس کی عرضی پر پیر کو چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے کی صدارت والی تین رکنی بنچ کے سامنے سماعت ہونی لیکن جسٹس بوبڈے نے کہا کہ کسان تحریک کی سماعت کرنے والی بنچ ہی اس معاملے کی سماعت کرے گی۔ آج چیف جسٹس کے ساتھ دو دیگر جسٹس بیٹھے تھے۔

شمالی ضلع کپوارہ میں فوجی آفیسر کی مبینہ خود کشی

سرینگر//شمالی ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار علاقے میں تعینات ایک فوجی میجر نے پیر کو مبینہ طور خود کشی کرلی۔ یہ فوجی آفیسر ایک اگلی چوکی میں تعینات تھا۔  نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق ٹنگڈارسیکٹر میں تعینات مذکورہ فوجی آفیسر کی خود کشی کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چلا ہے۔ پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات کیلئے روانہ ہوگئی ہے۔  

وادی کشمیر میں ٹھٹھراتی سردیوں کا سلسلہ جاری

سری نگر// وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی طرف سے برف باری کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کے بیچ ٹھٹھراتی سردیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس نے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 21 جنوری تک موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم 22 سے 24 تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ رات کے دوران سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.4ڈگری سیلشیس،پہلگام میں منفی6.8ڈگری جبکہ گلمرگ میں منفی6ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا وادی کشمیر کا ملک کے باقی حصوں کے ساتھ زمینی رابطہ بحال ہوگیا ہے اور سری نگر- جموں شاہراہ پر پیر کو دوسرے روز بھی ٹریفک کی یکطرفہ نقل و حمل جاری رہی۔  

تازہ ترین