جنوبی ضلع شوپیان میں جواں سال پٹھواری حرکت قلب بند ہونے سے فوت

سرینگر//جنوبی ضلع شوپیان کے اگلر علاقے میں منگل کو ایک جواں سال پٹھواری کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوگئی۔ نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق 33سالہ انعام الحق ساکن بلہ پورہ ،شوپیان کو اگلر کے ایک سیب کے باغ میں بیہوش پایا گیا۔ اُسے اسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا ۔  انعام محکمہ اریگیشن میں بحیثیت پٹھواری تعینات تھا۔  

وادی کشمیرمیں موسم خوشگوار،6فروری تک خشک رہنے کی پیشگوئی

سری نگر// وادی کشمیر میں موسم خوشگوار ہے اور لوگ خوش کن دھوپ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 6 مارچ تک موسم خشک و خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں 6 مارچ تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے اور اس دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج ہوگا۔

ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی یومیہ تعداد 100 سے کم ، فعال کیسوں میں بھی کمی

نئی دہلی// کچھ ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے کیسز میں ہوئے اچانک اضافہ کے بعد راحت کی بات یہ ہے کہ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ہونے والی اموا ت کی تعداد اور فعال کیسز دونوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مسلسل چھ دن تک کورونا وائرس سے مرنے وا لوں کی تعداد 100 سے زائد رہنے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان میں کمی درج کی گئی ہے اور ان کی تعداد کم ہوکر 91 رہ گئی ہے اور اسی دوران نئے کیسز کے مقابلے میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد زیادہ رہنے سے پانچ دن بعد فعال کیسز میں کمی آئی ہے۔ دریں اثنا ملک میں اب تک ایک کروڑ 48 لاکھ 54 ہزار 136 افراد کو کورونا ٹیکے لگائے گئے ہیں۔  

سکولوں کے اوقات کار میں کوئی تبدیلی نہیں

سرینگر//ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجو کیشن نے منگل کو ان افواہوں کی تردید کی کہ وادی کشمیر میں سکولوں کے اوقات کار میں کوئی تبدیلی لائی گئی ہے۔ ڈائریکٹر سکول ایجو کیشن محمد یونس ملک کے مطابق سرینگر میونسپل حدود یا وادی کے دوسرے اضلاع میں قائم سکولوں کے اوقات کار میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ سرینگر کے میونسپل حدود میں سکولوں کے اوقات کار صبح10بجے سے بعد دوپہر3بجے تک جبکہ باقی ماندہ علاقوں کیلئے سکولوں کے اوقات کار صبح ساڑھے دس بجے سے ساڑھے تین بجے تک مقرر ہے۔  

جب میرے عمر رسیدہ والد کورونا ویکسین کراسکتے ہیں تو آپ کو بھی کرانا چاہئے: عمر عبداللہ

سری نگر// جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے منگل کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ جاکر کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لی۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے لوگوں سے کورونا ویکسین کرانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ” جب میرے عمر رسیدہ والد ڈاکٹر فاروق عبداللہ کئی عارضوں میں مبتلا ہونے کے باوصف یہ ویکسین کراسکتے ہیں تو آپ لوگوں کو بھی کرانا چاہئے“۔ عمر نے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے اس عملے کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے والدین کو یہ ویکیسن دی۔ موصوف نے ان باتوں کا اظہار اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔  

سینئر وکیل کورونا مثبت ظاہر، ہائی کورٹ میں کام کررہے سبھی وکلا کو جانچ کی ہدایت

سرینگر//حکام نے منگل کو کہا کہ جموں کشمیر ہائی کورٹ کی سرینگر ونگ میں ایک سینئر وکیل کورونا مثبت ظاہر ہوئے ہیں جس کے بعد سبھی وکلاءکو کورونا جانچ کرانے کیلئے کہا گیا ہے۔ اس سلسلے میں رجسٹرار جوڈیشل سرینگر کی طرف سے ایک آرڈر جاری ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک سینئر وکیل کے کورونا مثبت آنے کے بعد ضروری بن گیا ہے کہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جائے۔ اس لئے ہائی کورٹ میں کام کررہے سبھی وکلا ءکو فوری کورونا جانچ کرانی چاہئے۔ 

شوپیان ضلع میں ایک ہی کنبہ کے 7افراد چائے پینے کے بعد بیہوش

سرینگر//جنوبی ضلع شوپیان کے ناگہ بل، زورہ گاوں میں ایک ہی کنبہ کے سات افراد پر اسرار طور بیہوش ہوگئے ۔یہ واقعہ گذشتہ شام پیش آیا۔  اطلاعات کے مطابق مذکورہ بیہوش افراد کو فوری طور ضلع اسپتال شوپیان منتقل کیا گیا جہاں اُنہیں بعد میں ہوش آگیا۔ تاہم سپتالی ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد کوصدر اسپتال سرینگر بھیجا گیا تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جاسکے کہ انہوں نے ایسی کس چیز کا استعمال کیا تھا جس سے وہ بیہوش ہوئے تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ کنبہ کے افراد گذشتہ روز بعد دوپہر کی چائے پینے کے بعد اچانک بیہوش ہوگئے۔  

تازہ ترین