تازہ ترین

ریاستی درجہ کی بحالی نئی سرکار بننے کے بعد | پہلے حد بندی، پھرانتخابات

دفعہ 370 کا جموں و کشمیر میں امن قائم کرنے سے کوئی تعلق نہیں :امت شاہ

تاریخ    5 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ آرٹیکل 370 کے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے موجود ہونے کے باوجود جموں و کشمیر میں امن نہیں ہے ، اس لئے یہ واضح ہے کہ آرٹیکل 370 کا جموں و کشمیر میں امن کے قیام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ شاہ نے یہ بات ہفتہ کو ایک انگریزی روزنامے کی کانفرنس میں سوالوں کے جواب میں کہی۔ جموں و کشمیر میں ریاستی حیثیت کی بحالی کو سیاسی مطالبہ قرار دیتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ پہلے حد بندی ہوگی، اس کے بعد انتخابات ہوں گے اور پھر قواعد کے مطابق ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا، سیاسی پارٹیاں ریاست کی حیثیت کو ایشو بنا رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں جس طرح سے امن و امان بحال ہو رہا ہے ، سیاح جا رہے ہیں اور عوامی فلاح و بہبود کے کئی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے ، جو پہلے نہیں ہوا۔ امید ہے کشمیری عوام اس تبدیلی کا خیر مقدم کریں گے ۔ میں تمام پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جمہوری عمل کا حصہ بنیں۔ 370 کا وہاں کے امن سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ کیا 1990 کی دہائی میں آرٹیکل 370 موجود نہیں تھا، اس کے وجود کے باوجود امن کیوں نہیں تھا؟ انہوں نے کہا کہ اگر اب ٹارگیٹ کلنگ کو بھی جوڑ لیں تو پہلے کے مقابلے میں ہلاکتوں کی تعداد میں کمی آئی ہے ۔وزیر داخلہ نے کووڈ-19 وبا، دہشت گردی، نکسل واد اور جموں وکشمیر جیسے مختلف موضوعات پر مرکز کی بی جے پی حکومت کی طرف سے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں کئے گئے کاموں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014 کے پہلے ہندوستان میں پالیسی پیرالسس کی صورتحال تھی۔ امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں کووڈ وبا کے وقت بھی ایسے فیصلے لئے گئے، جن سے ہندوستان کی معیشت اس وقت دیگر کسی بھی ملک کی معیشت سے کہیں زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ملک کے عوام نے ہر چیلنج سے کامیابی کے ساتھ جنگ جیتی ہے۔ امت شاہ نے کہاکہ اب کشمیر میں امن قائم ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں پاکستان میں گھس کر دہشت گردانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا ، اس سے دنیا حیران رہ گئی تھی، چاہے کشمیر کا مسئلہ ہو، جس میں آرٹیکل 370 بھی شامل ہے، وزیر اعظمنے اگست 2019 کو یہ آرٹیکل ہٹایا۔ اب کشمیر میں امن ہے، وہاں ترقی ہو رہی ہے۔