تازہ ترین

اعجاز پٹیل نے ٹیسٹ میچ میں رقم کی تاریخ

تمام 10وکٹ لینے والے تیسرے گیندباز بنے

تاریخ    5 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


ممبئی//نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر اعجاز پٹیل ٹیسٹ تاریخ میں ایک اننگ میں تمام 10 وکٹیں لینے والے تیسرے گیند باز بن گئے ہیں۔ پٹیل نے ہفتہ کو ہندوستان کے خلاف دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن 47.5  اوور میں 119 رن پر 10 وکٹیں لے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ ممبئی میں پیدا ہونے والے اعجاز نے اپنے گھر میں تاریخ رقم کی ہے اور غیر ملکی سرزمین پر ایک اننگ میں 10 وکٹیں لینے والے پہلے گیندباز بنے ہیں۔ جم لیکر نے یہ کارنامہ پہلی بار 1956 میں انجام دیا تھا جبکہ انل کمبلے نے 1999 میں اسے دہرایا اور اب 2021 میں اعجاز نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔اعجاز پٹیل گھر سے دور ایک اننگ میں 10 وکٹ لینے والے پہلے گیندباز بنے ہیں۔ لیکر (مانچسٹر) اور کمبلے (دہلی)، 10 وکٹ لینے والے سابقہ دوگیند بازوں نے گھریلومیدان پر یہ کامیابی حاصل کی تھی۔ اعجاز کے مڈل اسٹمپ کی گیند پر محمد سراج نے سلوگ کرنے کی کوشش کی، بلے کا اوپری کنارہ لگا اورگیند ہوا میں ، اعجاز سمیت سب کی سانسیں اٹکی ہوئی، مڈ آن پر رچن نے یہ کیچ لپکا اوراعجاز نے تاریخ میں اپنانام درج کرالیا۔ ہندوستان کو پہلی اننگ میں 325 رنز پر آل آؤٹ کرنے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم آج ایک سیشن بھی نہیں کھیل سکی۔ ہندوستانی گیند بازوں نے پوری ٹیم کو 28.1 اوور میں 62 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ بھارت کو 263 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوئی لیکن اس نے مہمان ٹیم سے فالو آن نہیں کرایا اوردوسری اننگ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ ایشانت شرما کی جگہ آنے والے فاسٹ بولر محمد سراج نے نیوزی لینڈ کو ابتدائی جھٹکا دیا۔ پہلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اوراس میچ میں کپتانی کررہے ٹام لیتھم اور ول ینگ کو سراج نے سستے میں نمٹادیا۔ لاتھم 10 اور ینگ چار رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ نیوزی لینڈ کے پہلے دووکٹ بالترتیب 10 اور 15 کے اسکورپر گرے ۔  سراج نے پھر اپنا شکار راس ٹیلر کو بنایا، جو فارم سے جوجھ رہے ہیں۔ سراج نے ٹیلر کو ایک رن پر بولڈ کردیا۔ 17 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد دباؤ میں آنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم دوبارہ سنبھل نہ سکی۔