تازہ ترین

تلواڑہ مہاجرین کو کشمیری مائیگرنٹوں کے مساوی امداد فراہم کی جائے:پینتھرس پارٹی

تاریخ    3 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


جموں// تلواڑہ مہاجرین نے پریس کلب جموں میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس سے جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی صدر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل پروفیسر بھیم سنگھ نے خطاب کیا۔ پریس کانفرنس میں تلواڑہ مہاجرین کے کچھ سینئر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر سے تلواڑہ مائگرینٹس کو کشمیری مائگرینٹس کے مساوی راحت دینے کا مطالبہ کیاجس کی ادائیگی جموں وکشمیر حکومت نے سپریم کورٹ کی مرکزی اور ریاستی حکومت کو حکم کے باوجود نہیں کی ہے۔ بھیم سنگھ نے کہا کہ جموں کے تارکین وطن کے لیے کشمیری مہاجروں کی طرز پر کالونی کی تعمیرکرنے کے علاوہ یکم اپریل 2015 سے مارچ 2011 تک مٹی کے تیل کی تقسیم، سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق 1998 سے 2021 تک کشمیری تارکین وطن کے بقایا واجبات اور سرحد پر تارکین وطن اور کشمیری تارکین وطن کے مساوی رقم کی ادائیگی کے درمیان فرق کی ادائیگی ختم کرنے، منقسم اور لاوارث خاندانوں کی رجسٹریشن، ڈاکٹروں کے ساتھ ہسپتال کی سہولیات اور تلواڑہ کیمپ میں بے گھر افراد کو مفت ادویات دینے ، بے گھر خاندانوں کو ہر ماہ باقاعدہ امداد اور باقاعدہ راشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ بے گھر ہونے والوں کو اگست-ستمبر 2021 کے مہینے کے لیے ریلیف نہ دینے پر برہمی کا اظہار کیا۔انہوںنے تعلیم یافتہ بے گھر نوجوانوں کو پیشہ ورانہ کالجوں میں ملازمت فراہم کرنے، مڈل سکول، تلوارہ کو ہائی سکول میں اپ گریڈ کرنے کی مانگ کرتے ہوئے مہور تحصیل میں 642 خاندانوں کا راشن مارچ 2020 سے اکتوبر 2020 تک زیر التوا رکھنے پر ناراضگی طاہر کی اور کہا کہ تحصیل مہور کے 18 خاندانوں کو 42 ماہ کے بقایا جات کی ادائیگی کی جائے جبکہ ریاسی، راجوری، مہور میں یکم اپریل 2018 سے 642 خاندانوں میں زیر التواء چینی کی تقسیم،جنوری 2017 سے اکتوبر 2020 تک فوری طورپر ادائیگی کی جائے اور2002 سے 2020 تک۔ بے گھر کیمپ تلواڑہ میں پولنگ اسٹیشن،تلوارہ بے گھر کیمپ میں 8 گھنٹے بجلی کی کٹوتی کو باقاعدہ بنایاجائے۔ بیان میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی جموں مائگرینٹس کی حقیقی شکایات کے فوری ازلہ کا مطالبہ کرتی ہے جو تلواڑہ ، ریاسی میں این ایچ پی سی لمیٹڈ کے خستہ حال عارضی شیڈوں میں پڑے ہیں۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے کے این پی پی کے صدر پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند اورلیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا سے درخواست کی کہ وہ ریاسی میں تلواڑہ مہاجرین کو فوری طورپر راشن، ادویات، ضروریات زندگی جیسے ایندھن اور مناسب پناہ گاہ فراہم کریں۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے تحت جموں تلوارہ مائگرینٹس کے ساتھ کشمیری مائگرینٹس کے مساوی سلوک کیا جانا چاہئے۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے جموں وکشمیر حکومت پر الزام لگایا کہ حکومت کئی مقامات پر جموں کے مہاجرین کے ساتھ امتیازی سلوک کررہی ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اعلان کیا کہ پنتھرس پارٹی مکمل راشن اور تمام سہولیات کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی جو کشمیری مہاجرین کو دی جارہی ہیں۔
 

تازہ ترین