تازہ ترین

۔12اراکین کی معطلی پرایوان بالامیں ہنگامہ

ٹی آرایس ارکان واک آوٹ،پارلیمنٹ احاطے میں اپوزیشن کا دھرنا و احتجاج جاری

تاریخ    3 دسمبر 2021 (00 : 01 AM)   


 نئی دہلی// راجیہ سبھا میں جمعرات کو کانگریس اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) کے ارکان کے ہنگامہ کے سبب ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔کانگریس کے ارکان نے ہنگامہ کرتے ہوئے 12 اپوزیشن ارکان کی معطلی واپس لینے کا مطالبہ کیا اور ٹی آر ایس ارکان نے تلنگانہ میں زیادہ بارش سے فصلوں کو ہوئے نقصان کے لئے کسانوں کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔ ٹی آرایس کے ارکان نے راجیہ سبھا سے واک آوٹ کردیا۔ٹی آرایس کے ایم پیز نے پارلیمنٹ میں گاندھی جی کے مجسمہ کے قریب دھرنا دیا۔کانگریس اور دیگر جماعتوں نے جمعرات کو مسلسل تیسرے دن ایوان بالاراجیہ سبھا ممبران کی معطلی کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں دھرنا دیا۔پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ارکان پارلیمنٹ میں راہل گاندھی، ادھیر رنجن چودھری، ملکارجن کھڑگے ، ترنمول کانگریس کی ڈولا سین اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران موجود تھے ۔ وہ 12 ارکان کی معطلی کو ضابطہ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت مخالف نعرے لگا رہے تھے ۔ کئی ارکان کے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی تھے ۔دریں اثناء ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کےلاف اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان بالا کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ پیر کو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن کانگریس اور ترنمول کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں کے 12 اراکین کو گزشتہ مانسون اجلاس کے دوران ‘غیر اخلاقی رویہ’ کے الزام میں موجودہ اجلاس کے بقیہ سیشن کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔
 

تازہ ترین