تازہ ترین

کشمیرمیں ڈینگومریضوں کی تعداد26 | رعناواری اسپتال میں ٹیسٹنگ سہولیات کاآغاز

تاریخ    8 نومبر 2021 (00 : 01 AM)   


نیوزڈیسک
سرینگر //ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزکشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے اتوار کو رعناواری اسپتال میں ڈینگو ٹیسٹنگ کی سہولیات کا افتتاح کیا ۔ ڈائریکٹر کے ہمراہ  وبائی بیماریوں کی ماہر ڈاکٹر طلعت جبین اور آر ایم او، رعناواری ڈاکٹر بلقیس شاہ بھی موجود تھیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے اسپتال میں شعبہ ایمرجنسی و حادثات کے علاوی ای آر روم اور دیگر وارڈوں کا بھی جائزہ لیا ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق راتھر نے کہا کہ اب ڈینگی ٹیسٹنگ کی سہولیات رعناواری اسپتال میں بھی دستیاب ہوںگی اور اس سے مریضوں کو بڑی راحت نصیب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار ہے ، تاہم لوگوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے جو لوگوں تک پہلے ہی پہنچائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ڈینگو کیسوں کی تعداد 26ہے اور یہ سبھی بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر آئے ہیں۔ ڈاکٹر مشتاق نے بتایا کہ ہم نے ہر ضلع میں خصوسی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو ڈینگی بیماری میں مبتلا مریضوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن اس کے باو جود بھی ہم نے طبی سہولیات بہم رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ محکمہ صحت کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار ہے۔