تازہ ترین

کورونا میں مبتلاسابق امریکی وزیر خارجہ کولن پاول فوت

تاریخ    19 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
واشنگٹن//کورونا میں مبتلا امریکہ کے سابق وزیر خارجہ کولن پاول دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئے۔ کولن پاول 84 سال کی عمر میں دنیا سے کوچ کر گئے۔جنرل لوتھر کولن پاول امریکا کے پہلے افریقی نژاد شہری تھے جو وزیر خارجہ کے عہدے تک پہنچے اور فوج و حکومت میں اہم ذمہ داریاں سنبھالیں۔ جنرل کولن پاول 2001 سے 2005 تک امریکی وزیر خارجہ رہے اور اس سے قبل وہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور مشیر قومی سلامتی کی ذمہ داریاں بھی سنبھالتے رہے۔انہوں  نے چار امریکی صدور کے لیے خدمات انجام دیں اور سیاسی منظرنامے اور طاقت کے ایوانوں میں ایک اہم اثاثہ تصور کیے جاتے تھے۔ 1991 کی جنگ کے بعد انہیں یکساں احترام کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا اور وہ اتنے مقبول ہوئے کہ یہ پیش گوئی تک کی جانے لگی کہ وہ مستقل میں امریکا کے صدر ہوں گے البتہ وہ کبھی بھی صدر کے الیکشن کے لیے کھڑے نہیں ہوئے۔2003 میں اقوام متحدہ میں اپنی تقریر کے دوران عراق میں تباہ کن ہتھیاروں کی موجودگی کا الزام لگا کر جنگ کی راہ ہموار کرنے والے سیکریٹری آف اسٹیٹ کے لیے اس جنگ کے بعد حالات انتہائی ناساز ہو گئے تھے کیونکہ بعدازاں عراق میں ان ہتھیاروں کی موجودگی کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے تھے۔2005 میں انٹرویو کے دوران اس حوالے سے کولن پاول نے ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک داغ ہے اور میرے ریکارڈ کا حصہ رہے گا، یہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔
 

تازہ ترین