تازہ ترین

خانہ بدوش طبقہ کا راستہ بھی بند

تاریخ    16 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں اور طوطا گلی جنگلات میں شروع کردہ آپریشن کے بعد وادی بالخصوص پہاڑی علاقوں سے میدانی علاقہ کی جانب ہجرت کرنے والے خانہ بدوش طبقہ کا راستہ بھی بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مذکورہ طبقہ کے کئی کنبے بھاٹہ دھوڑیاں اور سرنکوٹ کے درمیانی علاقوں میں دربدر ہو گئے ہیں ۔گزشتہ دنوں خطہ پیر پنچال کے پہاڑی سلسلے میں ہوئی شدید بارش اور موسم کی پہلی ہلکی برفباری کے بعد راجوری اور پونچھ اضلاع کے میدانی علاقوں سے تعلق رکھنے والے خانہ بدوش طبقہ نے ہجرت کا عمل شروع کردیا تھا جبکہ گزشتہ دنوں بھاٹہ دھوڑیاں اور طو طا گلی کے درمیانی جنگلات میں سیکورٹی فورسز پر ہوئے حملے کے بعد بڑے پیمانے پر شروع ہوئی تلاشی مہم کی وجہ سے ان خانہ بدوش طبقہ کو بھی روک دیا گیا ہے ۔دوسری جانب اس وقت علاقہ میں فصلوں کی کٹائی کا عمل شروع ہے جس کی وجہ سے خانہ بدوش طبقہ کو مال مویشیوں کی مشکلات مزید پیچیدہ ہونا شروع ہو گئی ہے ۔
 

نوشہرہ میں تلاشی مہم جاری 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //سب ڈویژں نوشہرہ کے سرحدی علاقوں میں دوسرے روز بھی تلاشی مہم مسلسل جاری رہی جبکہ اس دوران کوئی مشکوک اشیاء برآمد نہیں ہو ئی ۔گزشتہ دنوں سب ڈویژن کے کچھ سرحدی دیہات میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔اس مہم کے دوران حد متارکہ کے ملحقہ کئی دیہا ت کا محاصرہ کر کے تلاشی کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے خطہ پیر پنچال میں ملی ٹینسی سے متعلق سرگرمیوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے بھی چوکسی اختیار کرلی ہے ۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ نوشہرہ کے سرحدی دیہات مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہوئی تھی جسکے بعد ایک تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔