تازہ ترین

سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف شیو سینا کا احتجاج

تاریخ    16 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


 جموں// شیوسینا (بالا صاحب ٹھاکرے) جموں و کشمیر یونٹ کے قائدین نے سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور گھریلو ضروریات کی تقریباًتمام اشیاء کے ساتھ پٹرول ، ڈیزل اور کھانا پکانے کی گیس کی قیمتوں میں شدید اضافہ کے خلاف احتجاج کیا اور مہنگائی کی صورت میں راون کا پتلا نذر آتش کیا۔پارٹی کے ریاستی صدر منیش ساہنی کی قیادت میں شیو سینا کے کارکنوں نے مرکزی حکومت کے خلاف سخت غصے کا اظہار کیا جو مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔شیو سینا لیڈر سبزیوں کے ہار ان کے گلے میں ڈال کر دھرنے پر بیٹھے تاکہ قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ پر حکومت کی توجہ مبذول کرائی جائے۔ریاستی صدر منیش ساہنی نے کہا کہ اچھے دنوں کے منتظر عوام بد ترین دنوں کا سامنا کر رہے ہیں، گھریلو ضروریات کی تمام اشیاء بشمول پٹرول ، ڈیزل ، کھانا پکانے کی گیس ، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عروج پر ہیں،مودی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو رہی ہے،مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے عام لوگوں کے باورچی خانے کا بجٹ خراب ہو گیا ہے،پیاز ، ٹماٹر ، آٹا گوبھی ، لوکی ، ترائی ، گاجر ، بینگن وغیرہ سبزیوں کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے مقابلے میں ڈیڑھ گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، گزشتہ کئی دنوں سے پٹرول اور ڈیزل کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے جبکہ مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔