تازہ ترین

سابق کانگریس وزیر محمد شریف نیاز کی پہلی برسی

سروڑی سمیت متعدد کانگریس کارکنوں نے پیش کیا خراج عقیدت

تاریخ    13 اکتوبر 2021 (00 : 01 AM)   


اشتیاق ملک
ڈوڈہ //سابق وزیر و سینئر کانگریس لیڈر محمد شریف نیاز کی پہلی برسی پر پارٹی کارکنوں نے انہیں یاد کرتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سلسلہ میں کانگریس دفتر گندوہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف علاقوں سے آئے ورکروں نے مرحوم محمد شریف نیاز کی سیاسی، سماجی و تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے جہاں پچاس سالہ سیاسی سفر کے دوران جموں و کشمیر کی عوام کی بے لوث خدمت کی ہے وہیں کانگریس پارٹی کی مضبوطی کیلئے بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے پسماندہ علاقوں میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے و سماج کے بچھڑے طبقہ کی فلاح و بہبود کی خاطر بھی کئی اقدامات کئے تھے۔ انہوں نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔ ادھر کانگریس کے نائب صدر و سابق وزیر غلام محمد سروڑی نے بھی اپنے ایک بیان میں مرحوم محمد شریف نیاز کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی و غلام نبی آزاد کے تئیں ہمدردی و وفاداری کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے کانگریس پارٹی و جموں و کشمیر کی عوام کے لئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ سروڑی نے نیاز کو ہندو مسلم اتحاد کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی و فرقہ وارانہ بھائی چارے کو قائم و دائم رکھنے میں بھی انہوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔