تازہ ترین

ایک ہفتے تک ہلکی بارشوں کی پیشگوئی

سرینگر اور پیر پنچال کے آر پار ہلکی بارشیں

تاریخ    21 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق سرینگر سمیت پیر پنچال کے آر پار پیر کی شام کچھ ایک علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے ایک ہفتے تک جموں وکشمیر میں مختصر وقت کیلئے کہیں ہلکی تو کہیں موصلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے ۔وادی میں سوموارسہ پہرسے ہی مطلع ابرالودہوا اور شہر سمیت وادی کے کچھ ایک علاقوں میں 5بجے کے بعد ہلکی بارشیں ہوئیں۔ تاہم شام کے وقت بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا۔شہر میں رات تک ہلکی بارش ہوتی رہی۔ سرینگر ، گاندربل ،بانڈی پورہ ، کپوارہ اور دیگر اضلاع میں بھی  ہلکی بارشیں ہونے کی اطلاع ہے۔ ادھر ٹنل کے اُس پار بھی بارشیں ہوئیں ۔ڈوڈہ ، کشتواڑ ، بانہال، رام بن،پونچھ اور راجوری میں بھی بارشیں ہوئیں ۔ادھر بعد دوپہر سے زوجیلا، سونہ مرگ، گگن گیر، گنڈ اور کلن میں درمیانہ درجے کی بارشیں شروع ہوئیں جو وقفے وقفے سے شام تک جاری تھیں۔اس دوران محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو سرینگر میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.4ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 18.4 ڈگری سلیش تھا ۔قاضی گنڈ میں 30.7،پہلگام میں 25.1،گلمرگ میں 20.6ڈگری اورکپوارہ میں 30.6ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر جموں کے کچھ ایک علاقوں میں بھی ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارشیں ہونے سے درجہ حرارت میں بہتری آئی ۔ جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.5ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔
 

تازہ ترین