تازہ ترین

لولاب میں برادرکشی، فوجی اہلکار ہلاک

تاریخ    21 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   
(File Photo)

اشرف چراغ
 کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے سوگام لولاب علاقے میں آپسی تصادم میں فوجی اہلکار نے اپنے ساتھی کو گولیاں مار دیں جو بعد میں چل بسا۔پولیس نے اس سلسلے میں 174( مرگ مشتبہ)سی آر پی سی کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔شام دیر گئے فوج کی جانب ست جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لولاب کے سوگام علاقہ میں قائم 28راشٹریہ رائفلزکی رو ڈ اوپنگ پارٹی کے ساتھ وابستہ اہلکار لاسی پورہ کے مقام پر جارہے تھے ، جس کے دوران  وہ کچھ دیر کیلئے ٹھہر گئے۔ اس دوران دو جوانوں کے درمیان کسی بات کو لیکر جھگڑا ہوا جس نے تصادم کی شکل اختیار کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک جوان نے اپنی سروس رائفل سے اپنے ساتھی جوان پر دو فائر کئے جس سے وہ شدید زخمی ہوا۔اسے فوری طور پردرگمولہ میں قائم فوجی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ بیٹھا۔مذکورہ اہلکار کی شناخت نائک ودھان کمار  کے بطور ہوئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج پولیس کو اس معاملے کی تحقیقات کیلئے بھر پور تعاون پیش کریگی۔فوج نے الگ سے اس کیس کی انکوائری شروع کی ہے۔
 

تازہ ترین