تازہ ترین

جموں میں ’ریلائنس ریٹیل سٹورز‘کے کھلنے کے خلاف ’بند‘کی کال

تاریخ    19 ستمبر 2021 (00 : 01 AM)   


یواین آئی
جموں// جموں کی تجارتی انجمنوں نے شہر میں 'ریلائنس ریٹیل سٹورز' کھلنے کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بدھوار یعنی 22 ستمبر کو 'جموں بند' کی کال دے دی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ شہر میں ریلائنس سٹورز کے کھلنے سے 20 ہزار چھوٹے دکاندار بے روزگار ہو جائیں گے ۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں کے صدر ارون گپتا نے ہفتے کو یہاں قریب دو درجن چھوٹی بڑی تجارتی انجمنوں کے نمائندوں کی موجودگی میں 'جموں بند' کی کال دی۔انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’ریلائنس سٹورز کا کھلنا ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ ریلائنس اور مقامی حکومت کو سمجھ آنا چاہیے کہ ہم ایک ہزار لوگوں کو روزگار دے رہے ہیں اور بیس ہزار لوگوں کو بے روزگار کر رہے ہیں‘‘۔ان کا مزید کہنا تھا،’’ ریلائنس سٹورز میں کام کرنے والے تقریباً 70 فیصد لوگ باہر سے آئیں گے ۔ چھوٹی چھوٹی دکانیں چلانے والے 20 ہزار لوگوں کا بے روزگار ہونا طے ہے ۔ ریلائنس کے پاس بہت سارے کام ہیں۔ وہ ان کی طرف دھیان دیں۔ جس طرح پنجاب سے ان کو بھگایا گیا اسی طرح یہاں سے بھی بھگایا جائے گا‘‘۔ارون گپتا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں عوامی منتخب حکومت کا نہ ہونا لوگوں کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے ۔ان کا کہنا تھا،’’آپ عوامی منتخب حکومت سے اپنے مطالبات کسی بھی طرح منوا سکتے ہیں۔ موجودہ افسر شاہی نظام میں تمام فیصلہ اے سی والے کمروں میں بیٹھ کر کئے جاتے ہیں۔ پھر کہتے ہیں کہ ہمارے فیصلے غلط نہیں ہو سکتے ‘‘۔

تازہ ترین