تازہ ترین

ریٹائرڈ آئی اے ایس آفیسر کے کے شرما ریاستی الیکشن کمشنر مقرر

۔4 سینئرافسران کے تبادلے و تقرریاں

تاریخ    6 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سبکدوش آئی اے ایس افسر کے کے شرما کو آئندہ5برسوں کیلئے جموں کشمیر کا ریاستی الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے۔ سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ کے کے شرما ،جس روز سے عہدہ سنبھالیں گے،اس روز سے وہ آئندہ5برسوں یا65 برس کی عمر تک پہنچنے ، جو بھی پہلے ہو ،تک سٹیٹ الیکشن کمشنر کا قلمدان سنبھالیں گے۔ مزید کہا گیا ہے کہ سٹیٹ الیکشن کمشنر اس عہدے پر تب تک تعینات رہیں گے جب تک وہ کسی بھی وقت اپنے ہاتھ سے تحریری طور پر لیفٹیننٹ گورنر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کیلئے مکتوب روانہ نہیں کرینگے،یا انہیں جموں کشمیر پنچایتی راج قانون مجریہ1989کے دفعہ36بی کی رو سے برطرف نہیں کیا جائے گا۔محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی طرف سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے’’ جموں کشمیر پنچایتی راج قانون مجریہ 1989 کے دفعہ36اے اور ایس ائو 338 محررہ 30اکتوبر2020میں جزوی ترمیم کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوے مرکزی زیر انتظام خطے جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سبکدوش آئی اے ایس افسر کے کے شرما کو،جموں کشمیر کیلئے سٹیٹ الیکشن کمشنر تعینات کرتے ہیں‘‘۔ادھرانتظامیہ میں تبادلے اور تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔ سید فخر الدین کو ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا نیا منیجنگ ڈائریکٹر جبکہ نثار احمد کو ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔ محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جمعرات کو جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ محکمہ عمومی انتظامی میں اپنی تقرری کے منتظر آئی اے ایس افسر سید فخر الدین کو نثار احمد وانی کی جگہ جے کے ٹی ڈی سی کا نیا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کیا گیا،جبکہ نثار احمد وانی کو دستیاب اسامی کی جگہ ڈائریکٹر روزگارکا عہدہ دیا گیا۔ادھر سماجی و خواندگی طور پر پسماندہ طبقہ جات کمیشن کے سیکریٹری انیل شرما کو تبدیل کرکے جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن میں بطور ایڈیشنل سیکریٹری تعینات کیا گیا۔ ڈپٹی چیف الیکٹورل افسر پرمجیت سنگھ کو تبدیل کرکے سماجی و خواندگی طور پر پسماندہ طبقہ جات کمیشن کے سیکریٹری کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ جموں کشمیر انتظامی سروس جونیئر سکیل کے تحت سال2015میںتعینات افسر روہت کشپ کی آزمائشی تقرری(پربیوشن) کا عرصہ مکمل ہوا۔