تازہ ترین

جموں وکشمیر فلم پالیسی کا افتتاح

ایل جی کی طرف سے دنیا بھر کے فلم سازوں کو کشمیر میں فلم سازی کی دعوت

تاریخ    6 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کی شام ایک پر رونق تقریب میں’ جموں کشمیر نئی فلم پالیسی 2021‘کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر بالی ووڈ کے معروف ہیرو عامر خان اور فلم ڈائریکٹر راجکمار ہیرانی سمیت کئی شخصیات موجود تھیں۔ اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ نئی فلم پالیسی، جوملک میں سب سے بہترہوگی، سے جموں کشمیر تفریحی انڈسٹری کیلئے سب سے موزون اور ترجیحی مقام ہوگا۔ نئی پالیسی سے جموں کشمیر کے اس سنہری دور کو واپس لانے میں مدد ملے گی جب یہاں فلموں کی عکس بندی کرنے کو ترجیح  دی جاتی تھی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ضروری آلات، جگہ کا تعین،صلاحیتی ڈائریکٹروں کیلئے ون ونڈو کلیئرنس میکانزم تیار کیا ہے نیز یوٹی میں آنے والے فلمیں بنانے والوں کیلئے مراعات دینے کی پیشکش کی ہے۔انکا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کا مقصد مقامی نوجونوں کی صلاحتیوں کو ابھارنا اور دیگر کئی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع دستیاب کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پوری دنیا کے فلمیں بنانے والے پرڈوسروں کو جموں کشمیر جیسی سب سے خوبصورت جگہ پر اپنی فلموں کی عکس بندی کرانے کی دعوت دیتا ہوں، اور ساتھ ہی حکومت کی جانب سے دی جانے والی عالمی معیار کی سہولیات اور دیگر مراعات حاصل کریں۔ اس موقعہ پرمشہور فلم پرڈوسر مہا ویر جین نے اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ یہاں کرانے جبکہ ویر ہیرانی نے اپنی اگلی ویب سریز کی یہاں عکس بندی کرانے کے اعلانات کئے۔