تازہ ترین

برطانیہ کی ٹریول لسٹ میں تبدیلیاں

ہندوستان ریڈلسٹ سے باہر،پاکستان پر پابندی برقرار

تاریخ    6 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


لندن// کورونا وائرس کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ نے ٹریول لسٹ میں تبدیلیاں کردیں ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ نے ٹریول لسٹ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے بھارت کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا تاہم پاکستان بدستور اس فہرست میں موجود ہے۔ برطانیہ نے ہندوستان کو ریڈلسٹ سے باہرکرتے ہوئے ہندوستانی مسافروں کے لئے کووڈ-19 سفری پابندیوں میں آٹھ اگست سے رعایت دینے کاجمعرات کواعلان کیا۔برطانیہ ہائی کمیشن نے ایک بیان میں اس کی اطلاع دی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان سے انگلینڈ آنے والے مسافر گھریا آرام گاہ پر ہی دس روزکے کوارنٹائن میں رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ رضاکارانہ ٹیسٹ کے تحت کوارنٹائن کے پانچویں روز کووڈ کی جانچ کرواسکتے ہیں اوررپورٹ منفی آںے پر وہ قرنطینہ سے آزاد ہوجائیں گے ۔حکومت برطانیہ کے اس فیصلہ سے ہندوستان اب ریڈسے امبر لسٹ میں آجائے گا۔ اس فہرست میں آںے والے دیگرممالک میں بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ آسٹریا، جرمنی، لاٹویا، ناروے ، رومانیہ، سلوواکیہ اور سلووینیا امبر سے گرین لسٹ میں آجائیں گے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق 12 اگست سے ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والوں سے زائد قرنطینہ فیس لی جائے گی، قرنطینہ فیس ایک ہزار 750 پاونڈز سے بڑھ کر 2 ہزار 285 پاونڈز ہو جائے گی۔ اکیلے شخص کے ساتھ دوسرے بالغ شخص کے قرنطینہ کے لیے ایک ہزار 430 پاونڈز مزید ادا کرنا ہوں گے۔محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ5  سے 12 سال تک کے بچوں کے اخراجات بد ستور 325 پاونڈز ہوں گے جب کہ پانچ  سال سے کم عمر بچوں کا قرنطینہ مفت ہوگا۔ٹریول لسٹ میں تبدیلیوں کا اطلاق اتوار 8 اگست سے ہوگا۔
 

تازہ ترین