تازہ ترین

چھانہ پورہ میں سیول سوسائٹی کی منشیات مخالف مہم

عادی نوجوانوں کے پوسٹر چسپاں کرکے بستی بدر کرنے کا فیصلہ

تاریخ    2 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر // شہر میں منشیات کی خرید و فروخت اور اسکے استعمال میں اضافہ کو لیکر سیول سوسائٹی اور متحدہ علما کونسل کی اپیل پر مختلف بستیوں میں کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں جو اس لعنت کا قلع قمع کرنے میں بھر پور کام کریں گی ۔اسی سلسلے کی کڑی کے طور پر منی کالونی چھانہ پورہ میں اتوار کو مقامی جامع مسجد میں لوگوں کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ منی کالونی میں منشیات کی لت میں جو بھی نوجوان ملوث پائے جائیںگے انہیں سدھرنے کا ایک موقعہ فراہم کیا جائے گا ۔اسکے بعد انکی نشاندہی کی جائیگی ۔میٹنگ میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ منشیات کے استعمال اور اسکی خرید و فروخت میں منی کالونی یا اسکے باہر جو بھی لوگ ملوث ہونگے، انکے ناموں کا باضابطہ طور پر مساجد سے اعلان کیا جائے گا اور انکے ناموں کے ساتھ پوسٹر پورے چھانہ پورہ میں چسپاں کئے جائیں گے ، جس کے بعد انہیں بستی بدر کردیا جائے گا۔اس ضمن میں چھانہ پورہ کی دیگر مساجد کمیٹیوں کی حمایت بھی حاصل کی جائے گی۔ اس سلسلے میںنیاز احمد ڈار،فیاض احمد ڈار،اعجاز احمد ڈار،گلزار احمد ترنبو،ظہور احمد وانی،نثار احمد شالہ،محمد ایوب ڈار، ظہور احمد بٹ اور دین محمد خان پر مشتمل 9اراکین کی ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔