تازہ ترین

ایک ماہ میں5800کورونا وائرس سے متاثر، 296صحتیاب

۔55 اموات، 123زیر علاج، 6کی حالت نازک

تاریخ    2 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیرکورونا وائرس کی دوسری لہر میں کمی کے بعد پچھلے ایک ماہ کے دوران 5800 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 296افراد صحتیاب ہوکوگھروں کو لوٹ گئے اور 123 زیر علاج ہیں ۔مختلف اسپتالوںمیں زیر علاج 123 میں 6کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں یکم جولائی کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3لاکھ 15ہزار 462تھی جو 5ہزار 800متاثرین کے اضافہ کے ساتھ 3 لاکھ 21ہزار 662 تک پہنچ گئی۔ متاثرہ 5800افراد میں 419 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج تھے جن میں 317صحتیاب ہونے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ گئے ہیں جبکہ 123ابھی بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ یکم جولائی کو کشمیر صوبے میں 317افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج تھے جن میں 235صحتیاب ہونے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ گئے جبکہ یہاں 82افراد ابھی بھی زیر علاج ہیں جن میں 6کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ کشمیر صوبے میں زیر علاج 82کویڈ متاثرین میں صدر اسپتال سرینگر میں 5جنکی حالت نازک ہے،سکمز صورہ میں 39جن میں ایک کی حالت نازک ہے،سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں 16،ڈی آر ڈی او کھنمو میں 8،کشمیر نرسنگ ہوم میں 5،جی ایم سی بارہمولہ میں 2، ایس ڈی ایچ سوپور میں 2،جی ایم سی اننت ناگ میں 4،پی ایچ سی چھانہ پورہ میں 1متاثرہ شخص زیر علاج ہیں ۔ جموں صوبے میں یکم جولائی کو 102متاثرین زیر علاج تھے جن میں 63افراد صحتیاب ہونے کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ گئے جبکہ 41افراد ابھی بھی مختلف کویڈ اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔جموں صوبے کے کویڈ اسپتالوں میں زیر علاج متاثرین میں جی ایم سی جموں میں 14،ڈی آر ڈی او اسپتال جموں میں 4،زچگی اسپتال گاندھی نگر ۔ ایسکام میں 2،جی ایم سی ڈوڈہ میں 5،سی ایچ سی بھدروہ میں 1،جی ایم سی راجوری میں 5،نائرین اسپتال کٹرا میں 4، ضلع اسپتال کشتواڑ میں 2، ضلع اسپتال پونچھ میں 2، سی ایچ سی مینڈھر میں ایک متاثر شخص زیر علاج ہیں۔ جموں و کشمیر میں یکم جولائی کو مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4323جو ایک ماہ میں 55اموات کے اضافہ کے ساتھ4378ہوگئی ہے۔ مرنے والوں میں 37جموں جبکہ 18کشمیر میں فوت ہوئے ہیں۔ 
 

لگاتار5 ویں روز کیسز میں پھر اچھال

۔145متاثر، جموں میںایک فوت

پرویز احمد 
 
سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 58ہزار 749ٹیسٹ کئے گئے جن میں 11مسافروں سمیت 145 افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد3لاکھ 21ہزار 607 ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں ایک اور شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ جموں و کشمیر میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4379تک پہنچ گئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مزید 145افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 48جموں جبکہ 97کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے سبھی 97متاثرین مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر کے 97متاثرین میں سرینگر میں 32،بارہمولہ میں 25،بڈگام میں 9،پلوامہ میں 3،کپوارہ میں 4،اننت ناگ میں 5،بانڈی پورہ میں 2، گاندربل میں 13،کولگام میں 4اور شوپیان میں کوئی متاثر نہیں ہوا ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 99ہزار 802ہوگئی ہے۔ کشمیر میں مسلسل 8ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے اور صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2136بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں اتوار کو مزید 48افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 11بیرون ریاستوں سے سفر کرکے کشمیر پہنچے جبکہ 37مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر کے 48متاثرین میں جموں میں 13،ادھمپور میں 3،راجوری میں 3،ڈوڈہ میں 14،کٹھوعہ میں 1،سانبہ میں 0،کشتواڑ میں 4،پونچھ میں 2،رام بن میں 1 جبکہ کشتواڑ میں وائرس سے 7افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 21 ہزار 805ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں ایک اور شخص کورونا وائرس سے زندگی کی جنگ ہار گیا ہے۔ مرنے والے شخص کو چند دن قبل جی ایم سی جموں میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ اتوار کو فوت ہوگیا ۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 2143ہوگئی ہے۔ 
 

ملک میں دوسرے دن بھی کیسز میں اضافہ

۔42ہزار نئے معاملات،541ہلاکتیں

یو این آئی
 
نئی دہلی // ملک میں لگاتار دوسرے دن کورونا وائرس کووڈ 19کے نئے کیسز کے مقابلہ میں اس سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی تعداد کم رہی جس کے سبب ایکٹیو کیسز میں اضافہ درج کیا گیا۔دریں اثنا ہفتے کے روز ملک میں 60 لاکھ 15 ہزار 842 افراد کو کورونا ویکسین دی گئی جس سے اب تک ملک میں 46 کروڑ 75 لاکھ 34 ہزار 311 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔اتوار کی صبح مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 41831 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد تین کروڑ 16 لاکھ 55 ہزار 824 ہو گئی ہے۔ اسی دوران 39 ہزار258 مریضوں کی صحت یابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 30820521 ہوگئی ہے۔ ایکٹیو کیسز 2032 سے بڑھ کر چار لاکھ 10 ہزار 952 ہو گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 541 مریضوں کی موت کے باعث ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر چار لاکھ 24 ہزار 351 ہو گئی ہے۔