تازہ ترین

پاسپورٹ کے لیے ملک دشمن عناصر کو سیکورٹی کلیئرنس سے انکار خوش آئند قدم : بی جے پی

تاریخ    2 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//جموں و کشمیر بی جے پی کے سربراہ رویندر رینہ نے اتوار کو جموں و کشمیر انتظامیہ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جو پتھر بازی یا تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کو پاسپورٹ اور دیگر سرکاری خدمات کے لیے سیکورٹی کلیئرنس سے انکار کرتا ہے۔ رینہ نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا قدم ہے اور ان عناصر کے لیے سخت دھچکا ہوگا جو ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور احتساب سے بچنے کے لیے بیرون ملک فرار ہو رہے ہیں۔اس ضمن میں سرکاری حکم پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کچھ ” ملک دشمن طاقتیں “ ہیں جو دہشت گردی اور پاکستان کے حامی ہیں۔وہ ملک سے بھاگنے کے لیے پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہیں اور سرکاری ملازمتوں میں جذب ہوتے ہیں اس کے علاوہ (ترقیاتی) منصوبوں کے ٹھیکے حاصل کرتے ہیں۔ نئے آرڈر کے مطابق ، انہیں سیکورٹی کلیئرنس نہیں ملے گی جو کہ ایک اچھا قدم ہے اور ایسے عناصر کو شدید دھچکا لگے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا محکمہ داخلہ ، پولیس اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا قابل تعریف ہیں کہ وہ ملک کے مفاد میں اس طرح کے "بڑے فیصلے" کے ساتھ سامنے آئے جس میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جس کی وجہ سے متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔