تازہ ترین

سندھو کی سیمی فائنل میں شکست

اب کانسے کے لیے کھیلیں گی

تاریخ    1 اگست 2021 (00 : 01 AM)   


ٹوکیو/یواین آئی//  گزشتہ ریو اولمپک کی نقرئی تمغہ فاتح اور موجودہ عالمی چیمپئن پی وی سندھو کو سنیچر کے روز چینی تائی پے کی تائی جو ینگ کے ہاتھوں سیمی فائنل میں 21-12، 21-18 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور شکست کے بعد سندھو اب ٹوکیو اولمپک میں کانسے کے لئے چین کی ہی بنگجیاؤ کے خلاف کھیلیں گی۔ ینگ نے اس جیت کے ساتھ فائنل میں قدم رکھا۔ سندھو اس شکست کے بعد اپنے گزشتہ ریو اولمپک میں جیتے نقرئی تمغے کا دفاع نہیں کرسکیں گی۔ پہلے گیم میں سندھو اور جوینگ کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ دونوں ایک ایک پوائنٹ کے لیے سخت جدوجہد کرتی نظرآئیں۔ پہلے گیم میں 18-18 کے اسکور پر سندھو کا ری ٹرن نیٹ میں الجھا اور جوینگ 18-19 سے آگے ہوگئیں۔ میچ میں 18-20 کے اسکور پر جوینگ نے زور دار اسمیش لگایا اور پہلا گیم 18-21 سے جیت لیا۔دوسرے گیم میں ، جوینگ نے مکمل طور پر غلبہ حاصل کیا اور شاندار برتری حاصل کی ۔ سندھو نے اس کھیل میں مزید غلطیاں کیں اور ینگ کی برتری مضبوط ہوتی چلی گئی۔ سندھو دباؤ میں آگئیں اور ان کے ہاتھ سے میچ نکلتا رہا۔