تازہ ترین

ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت

ہفتے میں دو روز اپنے اضلاع کے علاقوں کا دورہ کریں

تاریخ    31 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہر ہفتے میں دو روز اپنے حدود میں آنے والے دوردراز علاقوں کا دورہ کرے سہ ماہی بنیادوں پر رپورٹ جمع کریںجبکہ انتظامی سیکریٹریوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان ایام میں ڈپٹی کمشنروں کو میٹنگ کا شیڈول نہ رکھے۔ محکمہ عمومی انتظامی کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جمعہ کو جاری حکم نامہ میں کہا گیاوقتا فوقتا ہدایات جاری کی جاتی رہی ہیں کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں خاص طور پر دور دراز ، دور دراز اور مشکل علاقوں میں دورے کریں جبکہ انتظامیہ کو دروازوں تک پہنچانے کے علاوہ ، اس طرح کے دورے بہت سے مسائل کو موقع پر حل کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے’’ تمام متعلقین ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان ہدایات پر حقیقی روح کے ساتھ عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ ‘‘آرڈر میں کہا گیا ہے’’ڈپٹی کمشنر ہفتے کے ہر بدھ اور ہفتہ کو ضروری طور پر دوروں(فیلڈ وزٹ) کو یقینی بنائیں گے اور ان دوروں کے دوران  مسائل کے حل کے لیے عام لوگوں سے بات چیت کریں گے،جبکہ وہ اپنے دورے کے نوٹوں کی کاپیاں سہ ماہی بنیادوں پر جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو جمع کرائیں گے۔‘‘ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر سینئر فیلڈ افسران عام طور پر ان دنوں ڈپٹی کمشنرزوںکی میٹنگ ٹور کا شیڈول نہیں کریں گے۔