تازہ ترین

اپوزیشن لیڈروں، سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور ججوں کی جاسوسی

پیگاسس کیس کی تحقیقات کی عرضی منظور، سماعت اگلے ہفتے

تاریخ    31 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// سپریم کورٹ اگلے ہفتے سینئر صحافیوں این رام اور ششی کمار کی اس درخواست کی سماعت کرے گا جس میں مبینہ طور پر اپوزیشن لیڈروں، سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور ججوں کی جاسوسی سے متعلق پیگاسس کیس کی خصوصی تحقیقات کی درخواست کی گئی ہے ۔چیف جسٹس این وی رمن کے روبرو پیش کی جانے والی متعلقہ تیسری درخواست پر سینئر ایڈووکیٹ کپل سبل نے جمعہ کے روز پیروی کی۔ سبل نے ملک میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں اسپائی ویئر کے وسیع پیمانے پر خطرناک انجام کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی اہم اور قومی سلامتی سے وابستہ ہے ۔جسٹس رمن نے کپل سبل کی درخواست پر کہا کہ اس معاملے کی سماعت اگلے ہفتے ہوگی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سکیورٹی لیبارٹری کے ذریعہ نگرانی کا نشانہ بنائے جانے والے افراد کے متعدد موبائل فون کے فورنسک تجزیے سے پیگاسس سے وابستہ سکیورٹی کی خلاف ورزیوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔ عرضی میں مرکز کو یہ بتانے کی ہدایت دینے کی بھی درخواست کی گئی ہے کہ آیا حکومت یا اس کی کسی ایجنسی نے پیگاسس اسپائی ویئر کے لیے لائسنس حاصل کیے ہیں یا کسی بھی طرح سے براہ راست یا بالواسطہ نگرانی کے لیے استعمال کیے ہیں۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ نگرانی صرف عوامی ایمرجنسی یا امن عامہ کے مفاد میں مناسب ہے اور ایسے حالات کے وجود کا معقول اندازہ لگایا جانا چاہیے ۔ اس کا تعین صرف حکومت کے قیاس پر نہیں کیا جا سکتا۔ موجودہ معاملے میں ان میں سے کسی بھی لازمی شرائط کو پورا نہیں کیا گیا ہے ، جس کے پیش نظر مکمل جاسوسی غیر قانونی ہے ۔