تازہ ترین

ہندچین مذاکرات

حد متارکہ پر12واں دور آج

تاریخ    31 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
نئی دہلی// مشرقی لداخ میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور چین کے درمیان فوجی تعطل کو دور کرنے کیلئے دونوں ممالک کی فوجوں کے کور کمانڈروں کے درمیان مذاکرات کا 12 واں دور آج اتوار کو ہوگا۔فوجی حکام کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے کے افسران کا یہ اجلاس صبح 10.30 بجے لائن آف کنٹرول پر چینی سرحد کے مالدو علاقے میں ہوگا۔ دونوں فریقوں کے درمیان اب تک مذاکرات کے 11 دور ہوچکے ہیں اور مذاکرات کا آخری دور 9 اپریل کو ہوا تھا۔ذرائع کے مطابق دونوں فریق بات چیت کے دوران بنیادی طور پر ہاٹ اسپرنگ اور گوگرا ہائٹس کے علاقے سے فوجیوں کے انخلا پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ مشرقی لداخ میں ایک سال سے زیادہ عرصے سے دونوں فریقوں کے مابین فوجی تعطل برقرار ہے ۔ اب تک فوجی کمانڈروں کی طرف سے طے شدہ اتفاق رائے کی بنیاد پر فوجوں کو پینگونگ جھیل کے علاقے سے واپس بلا لیا گیا ہے ۔ لیکن ابھی تک دونوں فریقوں نے کچھ دیگر متنازعہ علاقوں سے فوج کی واپسی کے بارے میں معاہدہ نہیں کیا ہے ۔