تازہ ترین

بنگلہ دیش میں سیلاب : رہنگیا کیمپوں میں ہزاروں افراد بے گھر

تاریخ    31 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


ڈھاکا // بنگلادیش کے جنوبی حصوں میں شدید بارش کے باعث پناہ گزیں روہنگیا مسلمانوں کی بستیاں بہ گئیں، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بنگلادیش کے کاکسس بازار کے علاقے میں 30سینٹی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ کیمپ میں 8لاکھ سے زائد روہنگیا مہاجرین پناہ لیے ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے مزید کئی روز تک برسات کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اقوام متحدہ کی ہائی کمیشن برائے مہاجرین کے مطابق مون سون بارش کے حالیہ سلسلے میں ڈھائی ہزار کیمپ متاثر ہوئے ہیں اور امدادی کارروائیوں کے دوران صرف 5ہزار کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ طوفانی بارش کے باعث مہاجرین کے کیمپوں میں پانی بھر گیا ہے۔ سیلاب ، تودے گرنے اور مختلف حادثات میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر بنگلادیش کے متاثرہ مہاجرین کی امداد کی گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز نے پناہ گزیں روہنگیا مسلمانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا۔ امدادی مرکز کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ متاثرہ کیمپوں کے ڈھائی لاکھ افراد میں 5 ہزار غذائی پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ ان پیکٹوں میں کھانے پینے کی اشیا کے علاوہ ضرورت کا دیگر سامان بھی شامل ہے۔ امدادی مرکز کے ترجمان نے مزید کہا کہ بنگلادیش میں پناہ گزیں روہنگیا مسلمانوں کو مختلف قسم کے امدادی سامان کے علاوہ غذائی اشیا کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا۔