تازہ ترین

ترکی :6صوبوں میںموسمی آتشزدگی کے 53 واقعات

۔ 4 افراد ہلاک، 180 زخمی،120 ایکٹر زرعی رقبہ تباہ

تاریخ    31 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


 انقرہ //ترکی کے جنوبی ساحلی خطے کے6صوبوں میں53 مقامات پر لگی آگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ہزاروں فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ترکی میں اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ گرمی کی شدت سے پہاڑیوں اور اُن سے منسلک میدانی علاقوں میں پیڑ پودوں اور گھاس پھوس کو آگ لگ جاتی ہے جو بعد ازاں تیز ہوائوں سے بستیوں کی طرف پھیل جاتی ہے۔ترکی کے ڈیزاسٹر اور ہنگامی اداروں کا کہنا تھا کہ ایک 82 سالہ شخص سمیت 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ امداد پہنچانے کی کوشش میں ایک 25 سالہ شخص بھی ہلاک ہوگیا۔آگ انطالیہ کے مشرق میں 75 کلومیٹر کے فاصلے پر کم آبادی والے علاقے میں ایک ریزورٹ سے پھیلی جو روسی اور مشرقی یورپی سیاحوں میں مقبول تھا۔جس کے بعد یہ ہوٹلز اور ریزورٹس سے گھرے ساحلی مقام پر پھیل گئی، سوشل میڈیا اور ترک ٹیلی ویڑن پر سامنے آنے والی فوٹیجز میں رہائشیوں کو کاروں سے نکلتے اور دھویں سے بھری سڑکوں پر اپنی زندگی بچانے کے لیے بھاگتے دیکھا گیا۔وزیر زراعت بکر باک دیمیرلی نے بتایا کہ جنوبی ساحل پر نئی آگ لگنے کی وجہ سے ایک ہوٹل کو بھی خالی کروالیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بدھ اور جمعرات کو ملک میں آتشزدگی کے 53 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے زیادہ تر پر قابو پالیا گیا ہے۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 3 جہاز، 38 ہیلی کاپٹرز اور 4 ہزار فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کے لیے تعینات کردیے گئے ہیں۔وزیر کا کہنا تھا کہ آتش زنی کے نتیجے میں ایک ہزار مویشی ہلاک جبکہ 120 ایکٹر زرعی رقبہ تباہ ہوچکا ہے۔ جنگل میں 36 مقامات پر لگی آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ بقیہ 17 پر قابو پانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ 140 افراد کو علاج کی ضرورت پڑی یا ان کی املاک کا نقصان ہوا۔