تازہ ترین

قطعات

تاریخ    25 جولائی 2021 (00 : 01 AM)   


جہانِ رنگ و بُو ظاہر پرستی
جہانِ قلب و باطن سوز و مستی 
وہ فتنہ اور ظلمت کا ہے ساماں 
یہ نورِ معرفت عرفانِ ہستی 
 
اسی عقدہ میں ہے عُقدہ کشائی 
کلی کھِل کر یہی پیغام لائی
نہ گبھرانا تو اے دِل مشکلوں سے
صبح ہو ہی گئی جب رات آئی
 
خلوص و درد اور دِل کی صفائی
دلوں میں ہم نے یہ خصلت نہ پائی 
ہے جلنا اور جلانا جس کا شیوہ
وہ خصلت کیوں دِلوں کو راس آئی
 
دلِ بیدار صدرِ لامکاں ہے
یہی اسرارِ حق کا رازداں ہے 
یہی انوارِ حقاّنی کا مسکن 
یہی بزم جہاں کا پاسباں ہے 
 
بشیر احمد بشیرؔ (ابن نشاطؔ)کشتواڑی
 ضلع کشتواڑ ،موبائل نمبر9018487470