’آل پارٹی میٹنگ میں حصہ لے رہا ہوں‘

تاریخ    22 جون 2021 (00 : 01 AM)   


جموں //پینتھرس پارٹی کے سربراہ بھیم سنگھ نے کہا کہ وہ 24 جون کو دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت ہونے والی آل پارٹی میٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔سوموار کو سنگھ نے صبح 11 بجے سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی ساڑھے تین گھنٹے طویل میٹنگ کی صدارت کی جس میں مرکز کی طرف سے ان کو دی گئی دعوت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے ایک خبر رساں ارادے کے ساتھ بات کرتے ہوئے  کہا کہ میری پارٹی کے لیڈران اور کارکنان نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ لیا ہے کہ آئین کو قبول کرتے ہوئے ریاست کی بحالی کیلئے اجلاس میں شرکت کی جانی چاہئے اور اس لئے میں بدھ کے روز دہلی جا رہا ہوں ۔وزیر اعظم کی طرف سے اجلاس کیلئے جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں کو مدعو کرنے پر ان کی تعریف کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پینتھرس پارٹی جموں و کشمیر اور لداخ خطوں کے لوگوں کی نمائندگی کرے گی اور پوچھے گی کہ کیا کرنے کی ضرورت ہے جموں و کشمیر کو مزید موت اور تباہی سے بچائیں۔انہوں نے کہا ’’ہم جلد از جلد اسمبلی انتخابات کے انعقاد کیلئے دباؤ ڈالیں گے ‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اس حد بندی کمیشن کو مسترد کرتی ہے جو 2011 کی مردم شماری پر مبنی ہے اور اجلاس کے دوران اس معاملے کو اٹھایا جائے گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ دہلی نے جموں و کشمیر میں گذشتہ برسوں میں غلطیاں کیں اور یہ عمل ابھی ختم نہیں ہواہے۔
 

تازہ ترین