تازہ ترین

ملک میں88روز کے بعد سب سے کم کیس درج

۔53ہزار نئے معاملات،1422ہلاکتیں

تاریخ    22 جون 2021 (00 : 01 AM)   


 نئی دہلی/یو این آئی/ ملک میں جان لیوا اور ہلاکت خیز عالمی وباء کورونا وائرس (کووڈ 19) کے کیسز میں کمی کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موذی وائرس کے 53 ہزار،256 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور یہ تعداد گذشتہ 88 دنوں میں سب سے کم ہے۔ دریں اثنا ء اتوار کو 30 لاکھ 39 ہزار 996 افراد کو کورونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے گئے۔ ملک میں اب تک 28 کروڑ 36 ہزار 898 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 2 کروڑ،99 لاکھ،35 ہزار،221 ہوگئی ہے۔ اس دوران 78 ہزار 190 مریضوں کی شفایابی سے اس جان لیوا وبا کو شکست دینے والے مریضوں کی کل تعداد دو کروڑ 88 لاکھ 44 ہزار 199 ہوگئی ہے۔ ایکٹیو کیسز 26 ہزار 356 سے گھٹ کر سات لاکھ دو ہزار 887 رہ گئے ہیں۔ اس عرصہ میں 1422 مریضوں کی ہلاکت کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 88 ہزار 135 ہوگئی ہے۔