تازہ ترین

جموں و کشمیر ڈینٹل کونسل کی فریاد | بے روزگار سرجنوں کو نوکریاں فراہم کی جائیں

تاریخ    21 جون 2021 (02 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
 جموں // ڈینٹل سرجنوں کو سرکاری نوکری فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ،جموں و کشمیر ڈینٹل کونسل (جے کے ڈی سی) نے کہا کہ ان کی حالت دن بہ دن خراب ہو رہی ہے اور حکام اس جانب دھیان دینے کے بجائے خاموش تماشاہی بنی ہوئی ہے ۔جموں و کشمیر ڈینٹل کونسل کے صدر ڈاکٹر بھوپندر سنگھ نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ بی ڈی ایس اور ایم ڈی ایس ڈاکٹروں کی طرف دھیان دیا جائے کیونکہ وہ موجودہ دور میں سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ۔ ڈاکٹر بھوپندر سنگھ نے حکام سے درخواست کی کہ وہ ڈینٹل سرجنوں کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کریں کیونکہ ان کی فائل کئی برسوں سے محکمہ خزانہ اور محکمہ صحت کے پاس دھول چاٹ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان ڈاکٹروں کو محکمہ صحت میں ملازمت فراہم کر کے دانتوں کے علاج کیلئے تعینات کیا جا سکتا تھا، لیکن اس سلسلے میں حکام کوئی بھی اقدامات نہیں کر رہی ہے ۔ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے جموں و کشمیر میں دانتوں کے سرجنوں کی حالت زار کے بارے میں ایم او ایس پی ایم اوڈاکٹر جتیندر سنگھ کو پہلے ہی خط لکھ دیا ہے۔سنگھ نے کہا کہ دانتوں کے سرجنوں کیلئے ملازمتوں کے اشتہار کے حوالے سے سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے بھی ملاقات کی گئی تھی جس کا انہوں نے اعتراف کیا تھا،لیکن حکومت کے گر جانے کے بعد اس جانب کوئی بھی دھیان نہیں دیا گیا ۔ڈاکٹر بھوپندر نے زور دے کر کہا کہ دانتوں کے سرجنوں نے دن اور رات ایک کر کے کورونا کی وبائی بیماری کے دوران کام کیا اور اب بھی وہ فرنٹ لائن ورکرز کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان ڈاکٹروں کی خدمات بھی حاصل کر رہی ہے، لہٰذا ان کی جانب دھیان دینے کی ضرورت ہے ۔