تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    21 جون 2021 (02 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک

تریاٹھ میں درخت سے لٹکی ہوئی لاش برآمد 

راجوری //راجوری ضلع کے تریاٹھ علاقہ میں ایک درخت کیساتھ لٹکی ہوئی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے اس سلسلہ میں کیس در ج کر تے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ تریاٹھ علاقہ کے میٹھانی گائوں میں ایک مقامی شخص کی لاش درخت کیساتھ لٹکے ہونے کی اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی چیک پوسٹ تریاٹھ سے پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پو پہنچی او ر اس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی شناخت سبھاش چندر ولد پرکاش سکنہ میٹھانی کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے لاش کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر تریاٹھ منتقل کیا گیا پر اس کا معائینہ بھی کیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
 
 
 

۔2مفرور پولیس کے شکنجے میں 

پونچھ //جموں وکشمیر پولیس نے مینڈھر سب ڈویژن میں 4برسوں سے مفرور دو افراد کو گرفتار کر کے درج معاملہ کی تحقیقات کا عمل دوبارہ سے شروع کر دیا ہے ۔ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم کی جانب سے شروع کی گئی مہم کے دوران محمد شفیع ولد خادم حسین سکنہ اڑی جوکہ ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 73/2016 میں مطلوب تھا ،کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص گزشتہ کئی برسوں سے پولیس سے بچنے کی کوشش کررہا تھا ۔اسی طرح ایس ڈی پی او کی قیادت میں شروع کر دہ مہم کے دوران ایس ایچ او گورسائی نے ای مفرور صادقت حسین ولد محمد رشید کو گرفتارکرلیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملزم ایک درج معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 44/2015میں مطلوب تھا ۔پولیس نے دونوں معاملات کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
 
 

نوجوان کا دوا فروش پر حملہ 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں ایک نوجوان نے مبینہ طورپر حملہ کر تے ہوئے ایک دوا فرش کو زخمی کر دیا۔اس دوران مذکورہ نوجوان نے ایک گھر میں داخل ہو کر حملہ کرنے کی کوشش بھی کی جس کے دوران ایک خاتون بیہوش ہو گئی تاہم پولیس نے مذکورہ نوجوان کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ۔پولیس نے بتایا کہ آصف مرزا نامی ایک نوجوان نے ایک دیپو شرما نامی ایک دوا فروش پر حملہ کر کے اس کو زخمی کر دیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں شکایت موصول ہو نے کے بعد مذکورہ نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ نوجوان کچھ حد تک ذہنی معذوری کا شکار ہے جس کو علاج معالجہ کیلئے متعلقہ ہسپتال منتقل کیا جائے تاکہ عام لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو بچایا جاسکے ۔
 
 

راجوری پونچھ میں ہفتہ وار لاک ڈائون جاری رہا 

راجوری //کورونا وائر س کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے راجوری پونچھ میں ہفتہ وار بندشیں عائد رکھی گئیں جس کے دوران ضروری نقل و حرکت کو چھوڑ کر عام لوگوں کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ اس دوران قصبوں میں تجارتی مراکز بھی بند رہے ۔دونوں سرحدی اضلاع میں جمعہ کی شام 8بجے سے پیر کی صبح 6بجے تک بندشیں عائد رہی جس کے دوران صرف ضروری اشیاء سے منسلک دکانیں ہی کھولنے کی اجازت دی گئی ۔انتظامیہ نے بتایا کہ مذکورہ بندوشوں کے دوران ادویات کے سلسلہ میں میڈیکل سٹوروں کیساتھ ساتھ دیگر ضروری سازو سامان والی دکانوں کی کھولنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ اس کے علاوہ پولیس نے مختلف علا قوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی ۔دونوں سرحدی اضلاع میں پولیس اہلکار مختلف علا قوں میں تعینات رہے اور انہوں نے گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی نہیں ہونے دی ۔
 
 

راجوری کی لڑکی فائٹر جٹ کی پائلٹ منتخب 

سمت بھارگو 
راجوری //سرحدی ضلع راجوری کی ایک لڑکی انڈین ائیر فورس میں فائٹر جیٹ طیارے کی پائلٹ منتخب ہوئی ہے ۔23سالہ نوجوان لڑکی سرحدی ضلع راجوری سے پہلی جبکہ ملک بھر سے 12ویں خاتون پائلٹ ہیں جو کہ انڈین ایئر فورس میں جٹ طیارے کی پائلٹ منتخب ہوئی ہے ۔انڈین ائیر فورس کی جانب سے اس سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب میں مذکورہ نوجوان پائلٹ کو وینگ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔مائیہ سدن کا تعلق راجوری ضلع کے لمبیڑی علاقہ سے ہے جبکہ ان کے والد ونود سدن ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ میں جونیئر انجینئر کے طورپر تعینات ہیں ۔اہل خانہ نے بتایا کہ مائیہ بچپن سے ہی انڈین ائیر فورس کی جانب توجہ مرکوز کئے ہوئے تھی ۔انہوں نے کہاکہ مائیہ کی انڈین ائیر فورس میں شمولیت علاقہ کے نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کیلئے ایک نئی کرن ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے مائیہ اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوجوانوں کو اس وقت محنت و لگن کیساتھ کوشش کر کے علاقہ کا نام روشن کرنا چائیے ۔
 

نوجوان کرنٹ لگنے سے بیہوش ہوگیا 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // قصبہ تھنہ منڈی میں ایک نوجوان کرنٹ لگنے سے اس وقت بیہوش ہو گیا جب وہ اپنے کھیت میں دھان کی پنیری لگا رہا تھا۔اہل خانہ نے بتایا کہ دھان کے کھیت میں لگائے گئے بجلی کے کھمبے کی زد میں آنے کی وجہ سے نوجوان کو شدید نوعیت کا کرنٹ لگا جس کو فوری طورپر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی علاج معالجہ کیلئے منتقل کیا گیا ۔ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج معالجے کے بعد اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کردیا جہاں پر نوجوان کا علاج معالجہ کیاجارہا ہے ۔نوجوان کی شناخت وقار احمد ولد شہباز احمد کے طورپر ہوئی ہے ۔مکینوں نے محکمہ پی ڈی ڈی سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی ترسیلی لائنوں کو ٹھیک کیا جائے تاکہ کسانوں کو دقتیں پیش نہ آئیں ۔
 

سرنکوٹ میں کووڈ ویکسین لگانے کا عمل لگاتا ر جاری 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ//محکمہ صحت کی جانب سے سرنکوٹ سب ڈویژن میں کووڈ ویکسین لگانے کا عمل لگاتار جاری رکھا گیا ہے جس کے دوران بزرگوں کیساتھ ساتھ نوجوانوں کو بھی کووڈ سے بچانے کیلئے ویکسین دی جارہی ہے ۔محکمہ کے اعلیٰ آفیسران نے شعبہ کی ٹیموں کو متحرک کرتے ہوئے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ سے بچنے کیلئے ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔بلاک میڈیکل آفیسر سرنکوٹ چوہدری ذوالفقارنے بتایا کہ اس مہم کے دوران ابھی تک سا ت سو کے قریب افراد کو کووڈ ویکسین لگائی گئی ہے ۔انہوں نے مقامی لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ویکسین کے سلسلہ میں متعلقہ ملازمین کیساتھ تعاون کریں جبکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک فرد کو احتیاط سے کام لینا ہو گا تاکہ تیسری لہر پر قابو پایا جاسکے ۔ 
 
 
 

کوٹرنکہ و بدھل بس سٹینڈوں پر مسافر شیڈ تعمیر کرنے کا مطالبہ 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی عوام نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ او ر بدھل بس اسٹینڈوں پر جلدازجلد مسافروں کیلئے شیڈ تعمیر کئے جائیں تاکہ خراب موسم میں مسافروں سہولیات مل سکیں ۔انہوں نے کہاکہ دونوں بس سٹینڈوں پرعام مسافروں و ملازمین کیساتھ ساتھ سکولی بچوں کی ایک کثیر تعداد گاڑیوں کا انتظار کرتی ہے لیکن ان مقامات پر کوئی بھی شیڈ تعمیر نہیں کیا گیا ہے جبکہ بارش کے دونوں میں مسافروں و سکولی بچوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔سماجی کارکن شاہنواز خاکی اور محمد اسحاق نے بتایا کہ سموت دراج کے مقام پر دس برس قبل فوج کی جانب سے ایک شیڈ تعمیر کیا گیا تھا تاہم ان کی دیکھ ریکھ کے بجائے ان کو مٹا دیا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں بس سٹینڈوں پر مسافر شیڈ تعمیر کئے جائیں تاکہ مسافروں کی پریشانیاں کم ہو سکیں ۔
 
 

ڈگری کالج پونچھ میں بین الاقوامی ویبنار کااہتمام 

حسین محتشم
پونچھ//شعبہ کمپیوٹر سائنس گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ نے شیخ کمپیوٹر ایسوسی ایشن ٹیکنالوجی، پونچھ اور الٹی ٹیوڈ چینج انٹر نیشنل، درہال ملکاں، راجوری کے اشتراک سے آئی  سی  ٹی اور کووڈکے موضوع پر ایک روزہ بین الاقوامی وبینار کا انعقاد کیا جس میں کل چھے ریسورس پرسنز نے مذکورہ موضوع کی مناسبت سے خطاب کئے ۔ پروفیسر مصرف حسین شاہ، پرنسپل، گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ کے موجودہ بحران سے نپٹنے میں انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی نے نہایت ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف کووڈ کے چیلنجوں سے نپٹنے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کردار قابل ستائش اور حوصلہ افزا ہے بلکہ معیاری تعلیم کے فروغ میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بے پناہ خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے آرگنائزنگ کمیٹی کی بھی سراہنا کی۔ڈاکٹر محمد تنویر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور فیلو، شعبہ ریاضی، آئی آئی ٹی، اندور نے مشین لرننگ اینڈ ایپلی کیشنز ٹو بائیو میڈیکل ڈیٹا کے موضوع پر کلیدی خطبہ دیا جبکہ ڈاکٹر موہانہ کمہار پٹیل، ایسوسی ایٹ پروفیسر، یونیورسٹی آف ٹرانس ڈسپلینری ہیلتھ سائنس  بنگلورو نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
 
 

گاڑیوں کے آپسی تصادم میں 2زخمی 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //جموں راجوری شاہراہ پر گزشتہ روز دو گاڑیوں کے مابین ہوئے آپسی تصادم میں 2افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ شاہراہ پر سندر بنی کے ٹھنڈا پانی کے مقام پر پیش آئے حادثے کے دوران ایک مسافر بس سامنے سے آنے والی تیز رفتار سکارپیو گاڑی سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے سکار پیو گاڑی میں سوار 2افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی رضا مندی کے بعد معاملہ کو حل کروادیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں کوئی معاملہ درج نہیں کیا گیا ۔