تازہ ترین

کورٹ کمپلیکس مینڈھر کی عمارت انتہائی خستہ | وکلاء اور معززین نے عمارت کی جلد مرمت کی مانگ کی

تاریخ    21 جون 2021 (02 : 01 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر //منصف کورٹ مینڈھر کی عمارت انتہائی خستہ ہو کر گرنے کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے عمارت کی مرمت کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ مینڈھر میں منصف کورٹ قائم کرنے کیساتھ ہی کورٹ کمپلیکس بھی تیار کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد اس وقت تک عمارت کی مرمت کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔وکلاء نے کہاکہ اس سلسلہ میں انتظامیہ سے کئی مرتبہ رجوع بھی کیا گیا لیکن ابھی تک عمارت کی مرمت نہیں کی جاسکی ۔انہوں نے بتایا کہ کورٹ کمپلیکس کی چھت کسی بھی وقت اڑ سکتی ہے جبکہ آہستہ آہستہ عمارت ناقابل استعمال ہو تی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر قائم کر دہ کورٹ کمپلیکس کی مرمت میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے جبکہ دیہات میں رہائش پذیر عوام کو کس قدر سہولیات میسر ہو رہی ہونگی ان کا اندازہ بخوبی لگایاجاسکتا ہے ۔مقامی معززین اور وکلاء نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کورٹ کمپلیکس کی مرمت کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عام لوگوں کیساتھ ساتھ عدالیہ سے منسلک ملازمین کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔