تازہ ترین

مغل شاہراہ پر پولیس انسپکٹر کی فوج کے ہاتھوں مار پٹائی

سرنکوٹ پولیس سٹیشن میں کیس درج ،تحقیقات شروع کر دی گئی :پولیس

تاریخ    20 جون 2021 (00 : 01 AM)   


سمت بھارگو
 راجوری //تاریخی مغل شاہراہ پر فوجی اہلکاروں کے ہاتھوں ایس ایچ او راجوری کی ہوئی مبینہ پٹائی کے بعد پولیس نے سرنکوٹ پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مغل شاہراہ پر سنیچر کے روز ایس ایچ او راجوری سمیر جیلانی کو فوجی اہلکاروں نے پوشانہ مقام پر روک لیا ۔بفلیاز سے 28کلو میٹر کی دوری پر قائم کر دہ چیک پوسٹ پر جیسے ہی فوجی اہلکاروں نے پولیس آفیسر کو روکا تو انہوں نے پونچھ میں ایک سنیئر پولیس آفیسر کو اطلاع فراہم کی جس پر فوج کے ایک میجر رینک کے آفیسر نے سپرناٹینڈنٹ آف پولیس کے ساتھ معاملہ پر بات چیت کی تاہم اسی دوران پولیس آفیسر اور فوجی اہلکاروں کے درمیان تکرار شروع ہو گئی اور میجر کی موجودگی میں ہی دس سے زائد فوجی اہلکاروں نے پولیس آفیسر کی پٹائی شروع کر دی ۔پولیس نے بتایا کہ پوشانہ چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے انسپکٹر کو فوجیوں سے بچا کو گاڑی تک پہنچایا ۔معاملہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فوج کے اعلیٰ آفیسر موقعہ پر پہنچے جبکہ پولیس انسپکٹر کو طبی جانچ کےلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس دوران بہرام گلہ پولیس پوسٹ میں ایک شکایت درج کروائی گئی اور اس کی بنیاد پر سرنکوٹ پولیس سٹیشن میں ایک کیس بھی درج کرلیا گیا ہے ۔ایس ایس پی پونچھ کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ مغل شاہراہ پر پیش آئے واقعہ کے سلسلہ میں ایک کیس درج کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس آفیسر کی مار پٹائی کے سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 234/2021پولیس سٹیشن سرنکوٹ میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقاتی عمل شروع کردیا گیا ہے ۔
 
 

بدسلوکی کے خلاف راجوری میں احتجاج 

راجوری //مغل شاہراہ پر پولیس آفیسر کےساتھ ہوئی بدسلوکی اور مارپٹائی کے سلسلہ میں راجوری کے متعدد مقامات پر مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں کےخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔اس سلسلہ میں ایس ایس پی راجوری کے دفتر کے سامنے مقامی سیاسی کارکنوں و معززین کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس کے دوران واقعہ میں ملوث اہلکاروں کےخلا ف سخت کارروائی کی مانگ کی گئی ۔اس احتجاج میں پی ڈی پی کے تعظیم ڈار ،کانگریس لیڈر افتخار ڈار ،بھاجپا کے کپل سریال این سی کے متیالرحمان اور بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین سندر بنی ارون کے شرما نے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے فوجی اہلکاروں کی جانب سے کی گئی بدسلوکی کےخلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے نعر بازی کرتے ہوئے مانگ کی کہ مغل شاہراہ سے جلد ازجلد فوج کی تعینات بٹالین کو تبدیل کر کے دوسری یونٹ کو تعینات کیا جائے جبکہ اس معاملہ میں ملوث اہلکاروں کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔اس دوران راجوری کے گوجر منڈی علاقہ میں بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کے دوران مظاہرین نے اس سلسلہ میں سنجیدگی کےساتھ کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔