معاوضہ کی عدم فراہمی سے اراضی مالکان برہم | کنڈ کولگام میں سڑک پر کام روک دیا،حکام سے مداخلت کی اپیل

تاریخ    20 جون 2021 (00 : 01 AM)   


عارف بلوچ
اننت ناگ //کنڈ علاقہ میںکسانوں نے معاوضہ نہ ملنے کے نتیجے میں زیر تعمیر سڑک پر کام روک دیا ہے۔کولگام ضلع کے کنڈ علاقہ میں مرکزی معاونت والی اسکیم (پی ایم جی ایس وائی )کے تحت تعمیر ہورہی سڑک پر کسانوں نے معاوضہ کی عدم فراہمی کے باعث تعمیری کام روک دیا ہے ۔9.50کلو میٹر لمبی سڑک پر قریباََ2کلو میٹر حصے میں آنے والے کسانوں کو حکومت کی جانب سے آج تک معاوضہ فراہم نہیں کیا گیا ہے ۔متاثرہ کسانوں نے حکومت کے تئیں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اُنہیں موجودہ قیمت کے تحت معاوضے کی رقم اب تک ادا نہیں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک کی کشادگی سے کہیں کسانوں کی ساری زمینیں چلی گئی ہے اور اب معاوضہ حاصل کرنے کے چکر میں وہ گذشتہ کئی برسوں سے دفاترکے چکر کاٹ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب تک انہیں معاوضہ فراہم نہیں کیا جاتا ہے سڑک پر میکڈم بچھانے کی اجازت نہیں دی جائے گئی ۔انہوں نے حکومت سے معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے ۔ڈی ڈی سی ممبر کنڈ شیخ گلزار کا کہنا ہے کہ متاثرہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے تاہم اُنہوں نے معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کی نوٹس میں لایا ہے اور اُنہیں اُمید ہے کہ آنے والے دنوں میں معاوضہ واگزار کیا جائے گا۔
 

تازہ ترین