تازہ ترین

پنڈتوں کے بغیر کشمیر کا سماج نا مکمل: ڈاکٹر فاروق

میلہ کھیر بھوانی پرحکیم یاسین اور خالد راٹھور کی مبارکباد

تاریخ    19 جون 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ و نائب صدر عمر عبداللہ ،پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمد یاسین  اور اپنی پارٹی کے یوتھ صوبائی صدر خالد راٹھور  نے سالانہ میلہ کھیر بھوانی پر کشمیری پنڈت برادری کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس قدیم اور تاریخی مندر کے ساتھ ہندو برادری خصوصاً پنڈت برادری کو زبردست عقیدت رہی ہے اور یہاں کے مسلمان اپنے پنڈت بھائیوں کو تمام قسم کی سہولیات دستیاب رکھنے میں کلیدی رول ادا کرتے آئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہاں تک کہ نامساعد حالات میں بھی کشمیری پنڈت برادری کے تئیں اپنے فرائض نبھاتے رہے ہیں اور پنڈتوں کو تمام تر سہولیات دستیاب رکھنے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنے دی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پنڈتوں کے بغیر کشمیری عوام کسی بھی صورت میں مکمل نہیں اور پنڈت برادری ہمارے سماج کا اہم جز ہے اور خدا کریں کہ پنڈت لوگ پھر اپنے اپنے گھروں کو واپس لوٹ آئیں۔پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، سینئر لیڈران میاں الطاف احمد ،ضلع صدر گاندربل شیخ اشفاق جبار، ڈاکٹر سمیر کول اور سینئر لیڈر و اقلیتی سیل کے چیئرمین ایم کے یوگی اور سابق ایم ایل سی بھوشن لعل بھٹ نے بھی میلہ کھیر بھوانی کے تہوار پر پنڈت برادری کو مبارکباد پیش کیا ہے۔ ادھر  حکیم محمد یاسین نے کہا کہ یہ مبارک دن مذہبی یگانگت اور بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ حکیم یاسین نے کہا کہ کشمیریت کا تصور کشمیری پنڈتوں کے بغیر ادھورا ھے اور کشمیری پنڈتوں کا انخلا کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے ۔اس دوران خالد راٹھور نے جمعہ کو تولہ مولہ میں کھیربھوانی مندر جاکر کشمیری پنڈتوں کو مبارکباد دی۔ انہوںنے کہاکہ میلہ کھیر بھوانی صدیوں سے کشمیر میں بھائی چارے اور ہم آہنگی کی مثال ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری پنڈت کشمیر کی ثقافت اور تاریخ کا ایک لازمی حصہ ہیں اور ان کے بغیر کشمیریت ادھوری ہے۔