تازہ ترین

تشددہرصورت میں ناقابل قبول:الطاف بخاری

عیدگاہ میں پولیس اہلکار کی ہلاکت قابل مذمت

تاریخ    19 جون 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر /اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے سید ہ پورہ عیدگاہ میں اپنی رہائش گاہ کے نزدیک ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کی پرزور مذمت کی ہے۔  ایک بیان میں بخاری نے اِس حملہ کو چونکا دینے والا اوردل سوز قرار دیتے ہوئے کہاکہ شدت پسند طاقتوں نے صرف لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے اور ایسے اقدام انتہائی قابل ِ مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ تشدد ہر صورت میں ناقابل قبول ہے اور اِس سے اموات اور تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اموات کے اِس عمل نے کئی قیمتی جانوں کازیاں کیا ہے اور یہاں رہ رہے لوگوں کے لئے تناؤ کن ماحول پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امن دشمن طاقتوں نے پچھلی تین دہائیوں کے دوران لوگوں کی سماجی واقتصادی صورتحال کو بہت متاثر کیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ایسے واقعات پر روک لگائی جائے۔ بخاری نے غمزدہ کنبہ کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے مہلوک پولیس اہلکار کی جنت نشینی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے کہا ہے کہ جلد لواحقین کے حق میں ایکس گریشیا ریلیف واگذار کی جائے کیونکہ وہ پورے کنبے کا واحد کفیل تھا۔