تازہ ترین

دیرہ گلی میں آئی پسی سے ٹریفک میں خلل آیا | مسافر ملبہ ہٹانے میں مصروف رہے ،گریف پر غفلت شعاری کا الزام

تاریخ    16 جون 2021 (00 : 01 AM)   


عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // پونچھ اور راجوری اضلاع کو جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع سے جوڑنے والی تاریخی مغل شاہراہ پر پسیاں گر آنے کے باعث مغل روڈ ٹریفک کی نقل و حمل کے لیے تقریباً چار گھنٹے تک بند رہی۔14 اور 15 جون کی درمیانی شب میں شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مغل روڈ ٹریفک کے لئے بند ہو گئی۔ دیرہ کی گلی کے مقام پر آئی پسی کی وجہ سے راستہ بند ہو گیا جس کی وجہ سے مذکورہ راستے سے سفر کررہے کئی مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا ۔ مسافر جن میں اکثر تعداد مریضوں کی تھے، نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پسیاں گر آنے کی وجہ سے درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں ہیں۔ مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک سے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا لیکن محکمہ گریف کی جانب سے کوئی ملازم جائے وقوعہ پر نہیں پہنچا جو کہ انتہائی افسوس ناک بات ہے۔ بعد میں تحصیل انتظامیہ کی مدد اور فوری کارروائی سے محکمہ گریف حرکت میں آیا جس نے تقریباً چار گھنٹے کے بعدسڑک کو ٹریفک کی آوا جاہی کیلئے بحال کر دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ 11 جون سے خطہ پیر پنچال کے بیشتر علاقوں میں شدید طوفان، بارش اور ڑالہ باری سے تباہی مچ گئی۔ وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں ، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں عوام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
 

تازہ ترین