تازہ ترین

ترقیاتی کمشنر سرینگرنے آیوشمان بھارت کی عمل آوری کا جائزہ لیا

تاریخ    16 جون 2021 (00 : 01 AM)   


سری نگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اَسد نے آیوشمان بھارت ۔پردھان منتری جان آروگیہ یوجنا ۔ ایس ای ایچ اے ٹی سکیم کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں مستحقین کی رجسٹریشن اور سرینگر ضلع میں گولڈن کارڈوں کی پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔میٹنگ میں چیف ایگزیکٹیو افسر آیوشمان بھارت ڈاکٹر ساگر ڈائی فوڈ بھی موجود تھے۔اِس موقع پر سرینگر میں اے بی ۔ پی ایم جے اے وائی ۔ ایس اِی ایچ اے ٹی کی عمل آوری کی جانے والی صورتحال اور حصولیابیوں کے بارے میں ایک تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دی گئی ۔میٹنگ میں ایس ای ایچ اے ٹی سکیم کے لئے اِندراج میں سرعت لانے کے طریقوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیا ل کیاگیا اور اَپنے اَپنے علاقوں میں اس سکیم کے تحت مستفید اَفراد کی رجسٹریشن میں اِضافے کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں آیوشمان بھارت کے تحت 334822اَفراد کو اِندراج کیا گیا ہے اور اَب تک294205 مستفید اَفراد کوگولڈن کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ڈی سی نے تمام رجسٹرڈ مستحقین کو سکیم کے تحت ایس ای ایچ اے ٹی گولڈن کارڈ فوری طور پر جاری کرنے کی اَفسران پر زور دیا۔اُنہوں نے متعلقین سے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل میں تیز ی لائین ۔انہوںنے کہا کہ ضلع میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کرنے کے لئے دیگر متعلقہ محکموں میں کام کر کے اِنفارمیشن ایجوکیشن اینڈ کمیونکیشن کی سرگرمیاں مشن موڈ پر شروع کریں۔اُنہوں نے مزید اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے تمام میڈیکل زونوں میں گولڈن کارڈ رجسٹریشن میلوں کا اِنعقاد کریں تاکہ صد فیصد کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔اُنہوں نے ایس اِی ایچ اے ٹی سکیم کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لئے مربوط کوششوں پر زور دیا تاکہ تمام اہل افراد مستفید ہوں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اِس سکیم کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اے بی ۔ پی ایم جے اے وائی ۔ایس ای ایچ اے ٹی سکیم وزیر اعظم نے 26 ؍ دسمبر 2020ء کو شروع کی ہے ۔ مرکزی حکومت کی آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجناسکیم کا مقصد ہے کہ ہرسال صحت اِنشورنس کوریج کو ہر کنبے پر 5لاکھ روپے مہیا کیا جائے ۔میٹنگ میں چیف میڈیکل آفیسر سری نگر، میڈیکل سپر اِنٹنڈنٹوں اور مختلف ہسپتالوں کے سینئر فیکلٹی ممبران ، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹروں / نوڈل اَفسران اور متعلقہ اِنشورنس کمپنیوں کے اَفسران نے شرکت کی۔
 

تازہ ترین