تازہ ترین

حج بیت اللہ کا اہتمام ،محدودتعداد میں عازمین کواجازت

سعودی حکومت کا فیصلہ دانشمندانہ:جمعیت اہلحدیث

تاریخ    16 جون 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے صدر غلام محمد بٹ المدنی نے سعودی حکومت کے اُس فیصلے کاخیرمقدم کیا ہے جس کے تحت اس سال عازمین کی محدود تعدادکو ہی حج بیت اللہ کافریضہ انجام دینے کی اجازت دی جائے گی۔سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے کئی نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے جمعیت اہلحدیث کے صدرنے کہا کہ اس وقت جہاں پوری دنیا کورونا بیماری کے سامنے احتیاطی تدابیر کرنے میں محوو مصروف ہے اور ہر ملک اپنی بساط بھر کو ششوں میں لگا ہے اور اس ضمن میں دنیا کے کئی ملکوںنے باہر سے آنے اور ملک سے باہر جانے پر پابندیاں بھی عائد کی ہوئی ہیں جوکہ وقت کا تقاضا ہے اس دوران مملکت سعودی عرب نے شعائر حج جیسے عظیم اسلامی رکن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے محدود تعداد میں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوتے ہوئے حج بیت اللہ کا اہتمام کرنے نہایت حکیمانہ اقدام اٹھایا ہے جس سے مملکت سعودی عرب کے لئے عالم اسلام کے اطراف و اکناف سے سراہنا کی جارہی ہے۔ صدر موصوف نے کہا کہ سعودی عرب نے اپنی تجارت کے دروازے بند کئے ہوئے ہیں، لیکن حج بیت اللہ جیسے شعائر اسلام کے لئے اپنی سر زمین اور اس میں موجود تمام حکومتی و پرائیویٹ ادارے مسخر رکھے ہیں جس سے یہ بات صاف طور پر عیاں ہوئی ہے کہ مملکت توحید کے ہاں عبادات الٰہیہ دنیا کی ہر چیز پر مقدم ہے۔ اس موقعہ پرغلام محمد بٹ نے عالم اسلام کی بہتری کے لئے بھی دعائیں کی اور خاص طور پر مملکت سعودی عرب میںامن و امان کی دعا مانگی۔ موصوف نے پورے عالم اسلام سے اپیل کی کہ وہ ایسی تمام حرکتوں کی مذمت کریں جو مملکت سعودی عرب میں بدامنی پھیلانے کے لئے انجام دی جاتی ہیں خواہ وہ ائمہ حرمین شریفین پر حملہ کی صورت میں ہوں یا سعودی سرحدوں پر تعینات جانثاروں کی طرف میلی آنکھ اٹھانے کی صورت میں ہو۔ موصوف نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین حج کو بھی مباکبادی پیش کی اور ان سے امن و امان کی خاطر خاص دعاؤں کی اپیل کی ہے۔