تازہ ترین

سونہ مرگ کی پہاڑیاں برف کی ہلکی پرت سے ڈھک گئیں

اگلے چند روز تک تیز آندھی اور ہلکی بارشوں کا امکان

تاریخ    16 جون 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید
سرینگر //  منگل کی صبح سرینگر اور جموں کے کچھ ایک علاقوں میںہلکی بارشیں ہوئیں جبکہ سونہ مرگ کے پہاڑوں پر برف کی ہلکی پرت بچھ گئی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے کچھ ایک علاقوں میں گرچ چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ منگل کی صبح شہرسرینگراوربیشترقصبہ جات میں بارشوں ہوئیں جس سے درجہ حرارت میں معمولی گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ اس دوران صوبہ جموں کے کئی علاقوں میں بھی دوران شب بارشیں ہونے سے درجہ حرارات میں کمی واقعہ ہوئی ہے ۔ غلام نبی رینہ کے مطابق سیاحتی مقام سونہ مرگ کے پہاڑوں پر تازہ لیکن ہلکی برفباری ہوئی کنگن، گنڈ کلن گگن گیر، سونہ مرگ، زوجیلا میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ صبح تک جاری رہا۔ سونہ مرگ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی جس کی وجہ سے شدید گرمی سے راحت کا احساس ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ درمیانی درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسم کی یہی صورتحال اگلے چند روز تک جاری رہ سکتی ہے تاہم شدید بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔موصوف نے کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال سے لوگوں کو گرمی کی شدت سے راحت نصیب ہوگی۔انہوں نے باغ مالکان سے فی الوقت دوا پاشی کرنے سے اعتراض کرنے کی اپیل کی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سرینگر میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارات  23.6ڈگری سلسیش ، قاضی گنڈ میں 24.0 ، پہلگام میں 20.3 ، کپوارہ میں 24.8 ، کوکرناگ میں 23.1 اور گلمرگ میں 14.0ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ادھر جموں میں 35.4ڈگری ، بانہال میں 24.4 ، بٹوٹ میں 25.3، کٹرہ میں 31.5، بھدرواہ میں 26.4ڈگری رہا ۔ سرینگر میں  1.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گلمرگ میں 0.8 جبکہ سرحدی ضلع کپوارہ  ،بارہمولہ اوربانڈی پورہ میں اوسطاً 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔