تازہ ترین

ڈی سی گاندر بل کی لوگوں کو خود ادویات لینے سے بچنے کی تاکید

تاریخ    27 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


گاندر بل//ڈپٹی کمشنر گاندر بل کریتکا جیوتسنا نے کووڈ کے خاتمے کی کوششوں کے بارے میں ایک پریس بریفنگ دی جس کے دوران انہوں نے کووڈ مثبت مریضوں پر زور دیا کہ وہ خود ادویات لینے سے گریز کریں اور ڈاکٹر کی مشاورت کے بعد ہی دوائیاں لیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس وقت 1078 مریض ہوم آئسو لیشن میں ہیں ۔ ضلع انتظامیہ نے سی ایم او آفس میں 24X7 کووڈ کنٹرول روم قائم کیا ہے جو گھریلو آئسولیشن میں مریضوں سے روزانہ آراء لیتے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ معلومات کو شئیر کریں تا کہ ان کی صحت کی صورتحال کے مطابق صحت سے متعلق مناسب مشورے دئیے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے حکام ان کی مدد کیلئے ہمیشہ دستیاب رہتے ہیں ۔ ڈی سی نے ضلع میں ٹیلی فون سے متعلق مشورے کی سہولیات سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ 16 ڈاکٹروں کی ایک ٹیم مختلف اسپیشلٹی کے ساتھ تشکیل دی گئی ہے جس سے کسی بھی وقت صحت سے متعلق کسی بھی قسم کے مشورے کیلئے رابطہ کیا جا سکتا ہے جس کے رابطے کی تفصیلات سرکاری طور پر ٹویٹر ہینڈل اور ڈسٹرکٹ ہسپتال ضلع کے پی ایچ سی اور سب سنٹرز میں ضلع انتظامیہ کی فیس بُک پیج  پر پہلے ہی دستیاب ہیں ۔ حکومت کی ہدایت کے مطابق 5 بستروں پر آئسولیشن کی سہولت کے بارے میں تفصیل دیتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ ضروری ساز و سامان کی خریداری کا عمل پہلے ہی شروع کیا گیا ہے ۔ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آکسیجن سپورٹ بیڈ والی تمام 126 پنچائتوں میں آئسولیشن سہولت قائم کی جائے گی اور وہاں دیگر مناسب سہولیات بھی دستیاب ہوں گی ۔ ڈی سی نے ایک بار پھر پی آر آئیز ، میڈیا اشخاص ، ہیلتھ ورکرز ، مقامی افراد اور دیگر صف اول کے کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ضلع انتظامیہ کی اسی طرح مدد کریں جس طرح انہوں نے انفیکشن کے پھیلاؤ سے نمٹنے کیلئے پہلے حمایت کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ لوگوں کی مشکلات کے بروقت ازالہ کیلئے ہمیشہ دستیاب رہتی ہے ۔