تازہ ترین

آزادانہ نقل و حرکت

طبی عملے کیلئے ہیلپ لائن قائم| میڈیا کے شناختی کارڈ پاس تصور ہونگے

تاریخ    13 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
 سرینگر// بدھ کوپولیس کی سخت ترین ناکہ بندی اور طبی و میڈیا عملے کو بھی نہ چھوڑنے کی شکایات کے بیچ کشمیر پولیس نے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی آزادنہ نقل و حمل کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہیلپ لائن قائم کی جبکہ صحافیوں سے کہا گیا کہ ان کے شناختی کارڈ ہی کرفیو پاس تصور ہونگے ۔ منگل کو لاک ڈائون میں جزوی نرمی کے دوران لوگوں کا سیلان سڑکوں اور مارکیٹوں میں امڈ آنے کے بعد ضلع مجسٹریٹ نے اپنا حکم نامہ واپس لیا اور بدھ کو شہر میں پہلی بار کورونا لاک ڈائون کی صحیح صورتحال دیکھی گئی۔اس دوران کئی مقامات پر طبی عملے کو بھی نہیں چھوڑا گیا اور میڈیا کی گاڑیوں کو بھی واپس موڑا گیا۔شکایات ملتے ہی کشمیر پولیس نے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی آزادنہ نقل و حمل کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی ہیلپ لائن قائم کی۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمار کی ہدایت پر خصوصی ہیلپ لائن قائم کی گئی  اورڈاکٹروں اور نیم طبی عملے سے کہا گیا کہ اگر انہیں ڈیوٹی پر جاتے ہوئے کسی جگہ روکا جائے تو وہ ہیلپ لائن نمبرات0194-2506561اور0194-2506541یا وٹس اپ نمبر8899845182 پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ آئی جی پی کشمیر نے پولیس کو ہدایت دی کہ صحافیوں کے شناختی کارڈ ہی کرفیو پاس تصور کئے جائیں ۔