تازہ ترین

جموں میں کورونا کے ممکنہ مثبت کیسز کو ٹریس کرنے کے لئے 'موپنگ اپ ایکسرسائز' شروع

تاریخ    12 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں کورونا وائرس کے ممکنہ مثبت کیسز کو ٹریس اور الگ کرنے کے لئے ایک ڈور ٹو ڈور 'موپنگ اپ ایکسرسائز' شروع کی گئی ہے ۔ضلع مجسٹریٹ جموں انشل گرگ نے منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ساڑھے چار لاکھ گھرانوں تک پہنچنے کے لئے ایک ڈور ٹو ڈور 'موپنگ اپ ایکسرسائز' شروع کی گئی ہے جس کے دوران ممکنہ مثبت کیسز کو ٹریس اور الگ کیا جائے گا نیز لوگوں کو کووڈ ایس او پیز پر عمل درآمد کی اہمیت سے متعلق آگاہی بھی دی جائے گی۔قبل ازیں ضلع مجسٹریٹ نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ جموں میں پچھلے کچھ دنوں سے کورونا کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ درج کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں سرگرم کیسز کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا: 'اس کے پیش نظر ہمیں کئی احتیاطی اقدامات اٹھانے پڑے ہیں۔ کورونا کرفیو کو 17 مئی تک بڑھایا گیا ہے ۔ مختلف سطحوں پر لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کورونا سے بچائو کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ اپنے گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔ جن لوگوں میں کورونا وائرس کی علامتیں ہیں وہ ٹیسٹ کروائیں'۔انشل گرگ نے منگل کو شروع کی جانے والی 'موپنگ اپ ایکسرسائز' کے بارے میں کہا: 'ہم نے سب ڈویژن سطح کی ٹاسک فورس ٹیموں کو متحرک کیا ہے ۔ ان کی نگرانی ایس ڈی ایم صاحبان کر رہے ہیں۔ آج سے جموں میں ڈور ٹو ڈور ایک موپنگ اپ ایکسرسائز شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت ہماری ٹیمیں ہر گھر جا کر لوگوں کو پیغام دیں گے کہ وہ کورونا وبا سے کیسے بچ سکتے ہیں'۔ان کا مزید کہنا تھا: 'میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ ان کو صحیح تفصیلات فراہم کریں کیونکہ ان کا مقصد آپ کی مدد کرنا ہے '۔

تازہ ترین