تازہ ترین

ڈاکٹر شاہداِقبال نے صوبہ جموں میں بڑھتی ہوئی کووِڈ صورتحال کا جائزہ لیا

تاریخ    12 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//سیکرٹری قبائلی امور ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری جن کو صوبہ جموں میں کووِڈ مینجمنٹ کے مجموعی اِنچارج کے طور پر بھی نامزد کیا گیا ہے ، نے صوبہ جموں میں بڑھتی ہوئی کووِڈ ۔19 صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے بذریعہ ورچیول موڈ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ڈاکٹر شاہد نے ٹارگٹ گروپوں کی مناسب ویکسی نیشن پر زور دیا تاکہ جلد سے جلد اہداف والے گروپوں کی صد فیصد ویکسی نیشن کو یقینی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے متعلقین کو کووِڈ صورتحال کی مجموعی نگرانی کے لئے ضلع ، بلاک اور پنچایتی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ یہ کمیٹیاں عام لوگوں میں کووِڈ مخالف حفاظتی ٹیکے لگانے کے لئے بیداری پیدا کریں گی اور اس وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ تمام رہنما اَصولوں پر من و عن عمل کریں گی۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انفیکشن کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے تمام عوامی اِجتماعات سے گریز کیا جائے۔ اُنہوں نے دیہات اور پنچایتی سطح پر جانچ جگہیں قائم کرکے جانچ کی گنجائش کو بڑھانے کی بھی ہدایت دی۔پی آر آئی ممبران اورمقامی صحت عملہ کووِڈ وَبا سے متعلقہ یومیہ ضلعی اِنتظامیہ کو رِپورٹ پیش کریں گے۔اُنہوں نے نوجوانوں ، رضاکار آرگنائزیشنوں کوکووِڈ تخفیف کی کوششوں میں شامل کرنے اور کووِڈ کیئر سینٹروںمیں صحت سے متعلق کارکنوں کی مدد کرنے پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ نقل مکانی کرنے والے تمام اَفراد کی جانچ کی جائے جو ایک ضلع سے دوسرے ضلع جاتے ہیں۔ اُنہوں نے متعلقین سے نقل مکانی کرنے والے اَفراد کو بھی کووِڈ مخالف حفاظتی ٹیکے لگانے کو کہا۔انہوں نے تخفیف کی کوششوں میں متعلقہ اے سی ڈیز ، ڈی پی اوز سے طبی ساز سامان ،اَفرادی قوت اور مشینری کی ضرورت کوبانٹنے کے لئے تجاویز بھی طلب کیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر آر کے بھارتی، ایڈیشنل سیکرٹری آر ایس چیرڈواور دیگر اَفسران نے شرکت کی جبکہ تمام اے سی ڈیز اور جموں صوبہ کے ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔
 

تازہ ترین