تازہ ترین

رواں سال کے تین ماہ | جموں ضلع کی سڑکوں پر موت کا خونین رقض جاری | 294سڑک حادثات میں 29افراد ہلاک اور 366زخمی

تاریخ    8 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


نمائندہ عظمیٰ
 جموں //جموں کی سڑکوں پر رواں سال بھی سڑک حادثات کا سلسلہ جاری رہا ہے اور گذشتہ تین ماہ کے دوران ضلع میں 294سڑک حادثات کے دوران 29لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے اور 366افراد زخمی ہوئے ہیں ۔محکمہ ٹریفک کے اعداوشمار کے مطابق ضلع جموں میں جنوری کے مہینے میں 83سڑک حادثات رونما ہوئے ہیں جس دوران 6لوگوں کی موت اور 94زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح فروری کے مہینے میں 98سڑک حادثات کے دوران 14افراد ہلاک ہوئے اور 131زخمی ہوئے ہیں ،مارچ کے مہینے میں 113سڑک حادثات کے دوران 9افراد ہلاک اور 140زخمی ہوئے ہیں ۔جموں ایک ایسا ضلع ہے جس میں سب سے زیادہ سڑک حادثات رونما ہوتے ہیں ۔سال2020میں اس ضلع میں کل 974سڑک حادثات رونما ہوئے جس دوران 92لوگوں کی موت ہوئی اور 1117افراد زخمی ہوئے ۔محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹرایفک قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں انجام دی جاتی ہیں ۔محکمہ کا کہنا ہے کہ رواں سال کے تین ماہ جنوری فروری اور مارچ کے دوران محکمہ نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف ٹرایفک پولیس جموں سٹی نے کل 31423 کیس درج کئے ،جبکہ ٹرایفک پولیس رولر جموں نے 22999 کیس درج کئے ہیں ان کیسوں میں کورٹ، کمپاونڈ اور ای چالان شامل ہیں ۔محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ضلع میں زیادہ حادثات  موبائل کے استعمال ،ایک دوسرے پر سبقت لینے ، اورلوڈنگ اور پرانی گاڑیوں کے چلن سے ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی ہے اور خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جموں میں زیادہ تر ڈرئیور بغیر تربیت کے گاڑیاں چلاتے ہیں اور نشے کی حالت میں گاڑیاں چلائی جاتی ہیں ،اور یہی وجہ ہے کہ ضلع میں سب سے زیادہ سڑک حادثات رونما ہوتے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں پرانی گاڑیوں کا سڑکوں پر چلن بھی ایک معمول ہے اور اس کی روکتھام کیلئے بھی کوئی بہتر اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں ۔اس دوران محکمہ ٹریفک نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑیوں کو چلانے کے دوران سیٹ بلٹ کا استعمال کریں ساتھ میں انہوں نے سکوٹر اور موٹر سائیکل سواروں سے کہا ہے کہ وہ سفر کے دوران ہلمٹ کا استعمال کریں ۔انہوں نے کہا کہ گاڑیاں چلانے کے دوران موبائل فون کا استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور جو بھی ڈرائیور خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا اس کے خلاف ضابطہ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

تازہ ترین