تازہ ترین

لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کے سرکاری ہسپتال کا دورہ کیا | معالجین کو باقاعدرائونڈوں کے ذریعے مریضوں کی بہتر دیکھ ریکھ کو یقینی بنانے پر زور

تاریخ    8 مئی 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر ، سی ڈی اور ٹی بی ہسپتال جموں اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کا دورہ کیا۔اُنہوں نے کووِڈ کیئر ہسپتال میں بنیادی ڈھانچے اور مریضوں کیلئے صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔ دوروں کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد ،مریضوں کی شفایابی کے بعد انہیں چھٹی اور آکسیجن سپورٹ بیڈکی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا ۔اُنہوں نے ہسپتالوں میں آکسیجن جنریشن پلانٹوں کی فعالیت کا معائینہ کرتے ہوئے مریضوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے دستیاب وسائل کو مؤثر اندازمیں استعمال کرنے کی ہدایت دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ہسپتالوںکے اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ وارڈوں میں ایچ او ڈیز اور سینئر ڈاکٹروں کے باقاعدہ راونڈ وں کے ذریعے مریضوں کی بہتر دیکھ ریکھ کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے ہسپتالوں میں ریفرل پالیسی پر بھی زور دیا۔اُنہوںنے کہا کہ بہتر علاج کو یقینی بنانے کیلئے ڈاکٹروں کو مریضوں اور ان کے تیماداروں سے ذاتی طور پر بات چیت کرنی چاہئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ کو وِڈ کیئر ہسپتالوں میں مریضوں کی بہترین نگہداشت کی فراہمی کیلئے متعلقہ محکموں سے رابطہ کرکے کم سے کم وقت میں آکسیجن کی مدد سے کووِڈبستروں میں اِضافہ کیا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سی ڈی اور ٹی بی ہسپتال جموں میں مریضوں کی تعداد ، صحتیابی کے بعد فارغ ہونے والے مریضوں کی تعداد اور ہسپتال میں موجود صحت کے بنیادی ڈھانچے اور کووِڈ ۔19 مریضوںکے بارے میں جانکاری حاصل کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے صحت کی افرادی قوت کو مستحکم کرنے کے لئے کووِڈ کیئر ہسپتالوں کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ پیرامیڈیکل عملہ میں اضافہ کریں ۔ تمام ہسپتالوں میں ڈیوٹی روسٹروں کی سخت تعمیل کیلئے بھی ہدایات دی۔ لیفٹیننٹ گورنر کو جانکاری دی گئی کہ جی ایم سی جموں میں 2400 ایل پی ایم گنجائش والے آکسیجن جنریشن پلانٹ کا ٹرائل چل رہا ہے اور 8 ؍مئی 2021 ء تک گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال جموں میں 125 کووِڈ بستروں میں اضافہ کیا جائے گا۔دوروں کے دوران لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اَتل ڈولو ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، اے ڈی جی پی مکیش سنگھ ، صوبائی کمشنر جموں انشل گرگ ، پرنسپل اور ڈین جی ایم سی اور اے ایچ کے جموں ڈاکٹر ششی سدھن شرما، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر رینو شرما بھی تھے۔
 

تازہ ترین